کراچی آپریشن ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا، جنرل راحیل شریف،کراچی کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے،آرمی چیف

جمعرات 28 جنوری 2016 09:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28جنوری۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کراچی آپریشن ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا، کراچی کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔کور فائیو ہیڈکواٹرز کراچی میں سیکیورٹی صورت حال اور کراچی آپریشن سے متعلق آرمی چیف جنرل راحیل کے زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اخیر، ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سمیت اعلی عسکری قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی آپریشن میں اب تک کی پیش رفت سے متعلق ہونے والے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جب کہ امن وامان سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر بھرپور موٴقف دہراتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، اس موقع پر آرمی چیف نے کراچی آپریشن میں رینجرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کو کراچی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ واضح رہے کہ آرمی چیف کے زیر صدارت ہونے والا اہم اجلاس پانچ گھنٹے سے زائد مدت تک جاری رہا