دوبہنوں کی فیس بک پر دوستی شادی میں بدل گئی، ایک ڈسکہ کے گاؤں لدھے اور دوسری اسلام آباد میں پیا گھر سدھارگئی

بدھ 27 جنوری 2016 09:38

ڈسکہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27جنوری۔2016ء)دوبہنوں کی فیس بک پر کی جانے والی دوستی شادی میں بدل گئی ایک ڈسکہ کے گاؤں لدھے اور دوسری اسلام آباد میں پیا گھر سدھارگئی ،چھوٹے سے گاؤں کے غریب الیکٹریشن کی محبت امریکہ کی راحیلہ کویہاں کھینچ لائی ،ایک ایسا گاؤں جہاں پر نہ گیس ہے نہ پانی کا مناسب انتظام ہے جبکہ تنگ سی گلیاں ہیں مگر پھر بھی راحیلہ یہاں رہنے پر خوش دکھائی دے رہی ہے ،نکاح بھی مویشیوں کے باڑے کے پاس جوہڑکے کنارے ہوا جہاں پر بھینسوں اور دوسرے جانوروں کی آوازیں بینڈ باجے کا کردار نبھا رہی تھیں ،دولہن کو دیکھنے کیلئے گاؤں کی خواتین اور بچیاں چھتوں پر چڑھ گئیں ، شادی انتہائی سادگی کے ساتھ انجام پائی ۔

ڈسکہ کے چھوٹے سے گاؤں لدھے کے رہائشی سلامت علی کے الیکٹریشن بیٹے چاند علی نے 3ماہ قبل عرصہ دراز سے امریکہ میں مقیم ثابت حیات سعدی کی بیٹی راحیلہ سے فیس بک پر دوستی کی جو محبت میں تبدیل ہوگئی اور بعد میں دونوں خاندانوں کی رضامندی سے شادی میں تبدیل ہوگئی اور امریکہ کی فیملی لدھے پہنچی اور یہاں پر اسلامی تعلیمات کے مطابق مولانا عبدالحق نے 2ہزار حق مہر کے عوض نکاح پرھایا بعد میں مہمانوں کو کھانا کھلایا گیا ۔

(جاری ہے)

دلہن کے والد نے بتایا کہ میں اپنی فیملی کے ہمراہ عرصہ 20سال سے اٹلانٹاجارجیا(امریکہ) میں رہائش پزیر ہوں آج میری ایک بیٹی راحیلہ لدھے میں چاند علی کے ساتھ جبکہ میری دوسری بیٹی سمیرا بھی اسلام آباد کے عمیر علی ایڈووکیٹ کے ساتھ بیاہی جارہی ہے اور میری دونوں بیٹیوں نے فیس بک پر ایک دوسرے کو پسند کیا اور میں بہت خوش ہوں کہ میری دونوں بیٹیوں نے اپنا اپنا جیون ساتھی خود ہی تلاش کرلیا ہے۔ دولہے کے والد سلامت علی نے بتایا کہ میرے 4بیٹے اور5بیٹیاں ہیں اور چاند سب سے چھوٹا ہے ہم دونوں خاندان اس رشتے سے بہت خوش ہیں اور انشاء اللہ اس رشتے کو نبھائیں گے

متعلقہ عنوان :