پاک بھارت سیکرٹریز خارجہ ملاقات آئندہ ماہ متوقع،دونوں ممالک کے درمیان فروری میں ملاقات پر اتفاق موجود ہے ابھی تک تاریخ کوحتمی شکل نہیں دی جاسکی ،سرکاری عہدیدار

پیر 25 جنوری 2016 09:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25جنوری۔2016ء)پاکستان اور بھارت کے سیکرٹریزخارجہ کی ملاقات آئندہ ماہ ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ۔ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان فروری میں ایک ملاقات کے حوالے سے اتفاق موجود ہے تاہم تاریخ کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی ہے۔دونوں ممالک کے سینئر حکام ملاقات کو ری شیڈیول کرنے کیلئے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے ٹائم ٹیبل اور طریقہ کار وضع کرنے کیلئے 15 جنوری کی ملاقات طے تھی تاہم یہ ملاقات ہندوستان کے علاقے پٹھان کوٹ میں قائم فوجی ایئر بیس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ملتوی کردی گئی۔کئی سالوں سے دونوں ممالک کے درمیان موجود سرد مہری کو ختم کرنے کیلئے بہت سے اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے اور بلا آخر پیرس میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات کے بعد نریندر مودی نے گذشتہ ماہ لاہور کا اچانک دورہ بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پاکستان اور ہندوستان نے گذشتہ ماہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر دو سال سے جاری کشیدگی کے بعد دوطرفہ مذاکرات کے دوبارہ آغاز پر اتفاق کیا تھا۔بحال کیے جانے والے مذاکراتی عمل کو 'دوطرفہ جامع مذاکرات' کا نام دیا گیا اور یہ اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریز نئے عمل کے طریقہ کار اور وقت کا تعین کرنے کیلئے 15 جنوری کو ملاقات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :