بھا رت ،محافظ پر گاڑی چڑھانے والی کروڑ پتی شخصیت محمد نشام کو عمرقید کی سزا سنا دی گئی،محمد نشام پر گزشتہ برس جنوری میں اپنی جیپ سے سکیورٹی گارڈ کو جان بوجھ کر ٹکر مارنے اور لوہے کی سلاخ سے حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا

ہفتہ 23 جنوری 2016 08:55

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23جنوری۔2016ء) بھا رت میں محافظ پرگاڑی چڑھانے والے ”بیڑی کنگ“ کو عمرقیدکی سزا سنا دی گئی ،بھارتی ریاست کیرالہ میں عدالت نے کروڑپتی کاروباری شخصیت محمد نشام کو اپنے محافظ کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ریاست کیرالہ کے شہر تھریسور سے تعلق رکھنے والے محمد نشام پر الزام ہے کہ انھوں نے گذشتہ برس جنوری میں اپنی جیپ سے چندربوس نامی سکیورٹی گارڈ کو جان بوجھ کر ٹکر ماری اور پھر ان پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کیا۔

50 سالہ چندربوس کو اس واقعے کے بعد ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دو ہفتے زیرِ علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے تھے۔اطلاعات کے مطابق ’بیڑی کنگ‘ کے نام سے مشہور 40 سالہ نشام کو غصہ تھا کہ چندربوس نے ان کی رہائش گاہ کا بیرونی دروازہ کھولنے میں تاخیر کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے پہلے تمباکو کے تاجر محمد نشام کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا تاہم پھر اس میں قتلِ عمد کی دفعہ شامل کی گئی تھی۔

استغاثہ نے نشام کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا تھا تاہم عدالت نے جمعرات کو انھیں عمرقید کی سزا سنائی۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نشام ماضی میں بھی قانون کی خلاف ورزیوں میں ملوث رہے ہیں اور 2013 میں ہی انھوں نے گاڑی روکنے کا حکم دینے والی ایک خاتون پولیس افسر کو اپنی رولز رائس کار میں بند کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :