پشاور،آئی جی پولیس خیبر پختونخو کی زیر صدارت ریجنل پولیس ا افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس، صوبے میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بحث، دہشت گردوں کی جانب سے سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کو ناکا م بنانے کیلئے جوابی حکمت عملی وضع کی گئی ، جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا اعادہ

جمعہ 22 جنوری 2016 09:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22جنوری۔2016ء)سنٹرل پولیس آفس پشاور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی کی صدارت میں ریجنل پولیس افسروں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اعلیٰ سطحی اجلاس باچاخان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے کے تناظر میں بُلایا گیا تھا۔اجلاس میں صوبے میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بحث کی گئی۔

اجلاس میں دہشت گردوں کی جانب سے سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی واردات کو ناکام بنانے کے لیے ایک جوابی حکمت عملی وضع کی گئی ۔ اجلاس میں تمام حساس تنصیبات بشمول تعلیمی اداروں،سرکاری تنصیبات، غیر ملکی پراجیکٹس اور اقلیتوں کے مذہبی مقامات وغیرہ کی سیکورٹی مزید سخت اور موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا اعادہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے شرکاء اجلاس کو ہدایت کی کہ وہ بندوبستی علاقوں میں مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرکے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں اور ہمدردوں کے صفایا کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر قبائل سے ملحقہ علاقوں میں پولیس کی چیکنگ کو مزید بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پی نے دہشت گردوں کے خلاف عوام کے ساتھ ملکر سیکورٹی اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں، بس ٹرمینلز، ہسپتالوں اور دوسری غیر محفوظ جگہوں اور حساس مقامات کے منتظمین میں شعور اُجاگر کریں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرکے سیکورٹی کو مزید بڑھاکر پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔

آئی جی پی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عام شہریوں کے کلیدی کردار کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس ضمن میں عوام میں اپنے ارد گرد مشکوک چیزیں۔ مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے اور فوراً پولیس کو اطلاع فراہم کرنے کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنے کی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔آئی جی پی نے ریجنل پولیس افسروں کو اس مقصد کے لیے گاؤں میں نیبر ہوڈ کونسلوں اور پبلک لیزان کونسلوں کے ممبران کی خدمات سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔

آئی جی پی نے ریجنل پولیس افسروں کو بالخصوص ہدایت کی کہ وہ تمام تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کا جائیزہ لیکر دودنوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کریں۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی چیف کپیٹل سٹی پولیس پشاور، ایس ایس پی پشاور اور تمام ریجنل پولیس افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :