راولپنڈی میں عمران خان کے پوسٹر لگا کر الیکشن جیتنے والے پارٹی عہدیداروں پر بلاول بھٹو کا اظہار برہمی،بے نظیر بھٹو سے عقیدت رکھنے والوں کو تیر کے نشان پر ہی الیکشن لڑنا چاہیے تھا کچھ لوگوں نے تحریک انصاف کی قیادت کی تصویریں لگا کر الیکشن لڑا جو نظریاتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندوں سے گفتگو،نو منتخب چیئرمین بابر جدون کو راولپنڈی سٹی کا صدر بنایا جائے،وفد کا بلاول بھٹو سے مطالبہ، فیصلہ عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا،چیئرمین پی پی کی یقین دہانی

بدھ 20 جنوری 2016 06:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2016ء) جڑواں شہر راولپنڈی میں عمران خان کے پوسٹر لگا کر الیکشن جیتنے والے پارٹی عہدیداروں پر بلاول بھٹو نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ راولپنڈی میں پی پی پی کی قیادت وہی کرے گا جو عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گا ۔ گزشتہ روز بلاول ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے ایک اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے راولپنڈی سے پیپلز پارٹی کے منتخب ہونیوالے پانچ چیئرمینوں سمیت 44منتخب نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصولی طورپر محترمہ بے نظیر بھٹو سے عقیدت رکھنے والوں کو تیر کے نشان پر ہی الیکشن لڑنا چاہیے تھا لیکن کچھ لوگوں نے تحریک انصاف کی قیادت کی تصویریں لگا کر الیکشن لڑا جو کہ نظریاتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے اس موقع پر انہوں نے راولپنڈی سٹی کے صدر عامر فدا پراچہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کیوں تیر پر الیکشن نہیں لڑا تو انہوں نے کہا کہ ہماری کچھ مجبوریاں تھیں اس پر بلاول بھٹو زرداری نے انجم فدا پراچہ کا ایک پوسٹر نکال کر تمام لوگوں کو دکھایا کہ اس پر عمران خان کی تصاویر لگا کر الیکشن لڑنے کی کیا ضرورت تھی اس اہم اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، شجاعت نقوی اور اسد پرویز بھی موجود تھے اس دوران راولپنڈی سے ٹکٹ ہولڈروں کے ایک وفد نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنا چاہی تو انہوں نے صرف دو بندوں کو بات کرنے کی اجازت دی جس پر بنارس چوہدری اور ذیشان مہدی نے بات کی اور کہا کہ پی پی پی راولپنڈی کمزورنہیں ہے لیکن مقامی قیادت کی کمزوریوں کی وجہ سے صحیح سمت پر نہیں ہے ہم زیادہ اچھا رزلٹ لے سکتے تھے اگر مقامی قیادت تعاون کرتی ۔

(جاری ہے)

وفد نے مطالبہ کیا کہ نو منتخب چیئرمین بابر جدون کو راولپنڈی سٹی کا صدر بنایا جائے بلاول بھٹو زرداری نے یقین دلایا کہ راولپنڈی کی قیادت کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا اور نئی قیادت جرات کے ساتھ محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن لیکر آگے بڑھے گی ۔ واضح رہے کہ چندروز پہلے محترمہ فریال تالپور بھی بابر جدون کو راولپنڈی سٹی کا صدر بنانے کا عندیہ دے چکی ہیں