لندن:جڑواں بہنوں نے 40سال بعد عالمی ریکارڈ کا حقدار ہونے کا دعویٰ کردیا

بدھ 20 جنوری 2016 07:00

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2016ء)برطانیہ کی جڑواں بہنوں نے 40 سال بعد جڑواں ہونے کے باوجود مختلف ممالک میں پیدا ہونے والی پہلی جڑواں بہنوں کے عالمی ریکارڈ کا حق دار ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ہائیڈی گینن ویلشپول ہسپتال میں 1976 میں پیدا ہوئی تھی جبکہ ان کی جڑواں بہن جو بینز سینٹرل لندن کے شہر شروسبری میں اس کے دو گھنٹے بعد پیدا ہوئی تھیں۔

گینس ورلڈ ریکارڈز کے مطابق مختلف ممالک میں پیدا ہونے والے پہلے جڑواں بچے 2012 میں سکاٹ لینڈ اور انگلینڈ میں پیدا ہوئے۔تاہم اس ریکارڈ کے شائع ہونے کے بعد جڑواں بہنوں کی والدہ ہائیڈی گینن نے گینس ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کیا۔اس دعوے کے بعد گینس نے چھان بین کی اور اس نتیجے پر پہنچے کے واقعتاً 1976 میں پیدا ہونے والی بہنیں ہی اس ریکارڈ کی حق دار ہیں۔

(جاری ہے)

ہائیڈی گینن کو اس ریکارڈ کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب انھوں نے اپنے بیٹے کے لیے گینس ورلڈ ریکارڈ کی کتاب خریدی۔ان جڑواں بہنوں کی والدہ کیرل منرو کو معلوم نہیں تھا کے ان کے ہاں جڑواں ہونے والے ہیں۔ انھوں نے ہائیڈی گینن کو 23 ستمبر 1976 کو صبح نو بجے جنم دیا۔گینس ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ وہ ریکارڈ کے اپ ڈیٹ ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔گینس ورلڈ ریکارڈ کی ترجمان نے کہا ’ہمیں مس بینز اور مس گینن کے دعوے کا پچھلے ہفتے پتہ چلا اور ریسرچ کے بعد یہ جڑواں بہنیں پہلے جڑواں ہیں جو مختلف ممالک میں پیدا ہوئیں۔‘