افغانستان میں چار فریقی مذاکرات کا اعلامیہ جاری ، طالبان گروپس سے فوری مذاکرات شروع کر نے کا مطالبہ ، سیاسی اختلافات افغان عوامی امنگوں کے مطابق بات چیت سے حل کئے جائیں، افغانستان میں پر تشدد کارروائیوں کا خاتمہ کیا جائے، ہر قسم کی دہشت گردی خطے کے ممالک کیلئے خطرہ ہے،اعلامیہ ، آئندہ چار ملکی اجلاس چھ فروری کو پاکستان میں ہوگا

منگل 19 جنوری 2016 08:33

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19جنوری۔2016ء) افغانستان میں ہونے والے چار فریقی مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں طالبان کے تمام گروپس سے فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی اختلافات افغان عوام کی امنگوں کے مطابق بات چیت سے حل کئے جائیں۔ چار فریقی مذاکرات میں طالبان سے امن مذاکرات کے روڈ میپ پر بات چیت ہو ئی ۔

(جاری ہے)

روڈ میپ کا مقصد مذاکرات کیلئے ضروری ساز گار ماحول پیدا کرنا ہے۔ رابطہ گروپ نے افغانستان میں تشدد کی کارروائیوں کے خاتمے پر زور دیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام طالبان گروپ افغان حکومت سے جلد از جلد مذاکرات کریں‘ افغان طالبان اپنی قوم کے خلاف بلا وجہ پرتشدد کارروائیاں بندکریں۔ ہر قسم کی دہشت گردی خطے کے ممالک کیلئے خطرہ ہے۔ چار فریقی اجلاس میں پاکستان افغانستان ‘ چین اور امریکہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ آئندہ چار ملکی اجلاس چھ فروری کو پاکستان میں منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔