ایران پر پابندیوں کا خاتمہ، مشرق وسطیٰ کی تمام سٹاک مارکیٹیں کریش کر گئیں، ایران کی طرف سے یومیہ پا نچ لاکھ بیرل اضافی تیل عالمی منڈی میں دستیاب ہوگا،عالمی منڈی میں قیمتوں میں مزید کمی کا امکان

پیر 18 جنوری 2016 09:48

ریاض ‘ ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء) ایران پر بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کے بعدمشرق وسطیٰ کی تمام سٹاک مارکیٹیں کریش کر گئی ہیں۔ ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران کی طرف سے یومیہ پانچ لا کھ بیرل اضافی تیل عالمی منڈی میں دستیاب ہوگا۔ عالمی منڈی میں تیل کی اضافی فراہمی کی وجہ سے قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔

جو پہلے ہی بارہ سال کی کم ترین سطح پر ہیں۔ اتوار کو سعودی عرب اور دبئی سمیت مشرق وسطیٰ کی تمام ساتوں سٹاک مارکیٹوں مین گراوٹ دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

دبئی کی سٹاک مارکیٹ میں 4.8 فیصد جبکہ سعودی عرب کی سٹاک مارکیٹ میں 7 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ ایران کی سٹاک مارکیٹ میں ایک فیصد اضافہ ہوا ۔ قطر کی سٹاک مارکیٹ میں 6.7 فیصد ‘ ابوظہبی 4.5 فیصد ‘ اومان کی 3.2 فیصد اور بحرین کی سٹاک مارکیٹ میں 0.5 فیصد کمی دیکھی گئی۔ پچھلے ہفتے کے دوران تین بار عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 30 ڈالر فی بیرل سے کم ہوئیں۔ ادھر ایران نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی تیل کی پیداوار پابندیوں سے پہلے کی سطح پر لائے گا اور توقع ہے کہ ایران پانچ لاکھ بیرل تیل یومیہ عالمی منڈی میں فروخت کرے گا۔

متعلقہ عنوان :