پاکستانی ماہرین نے دفاعی سازو سامان اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جدید ایجادات کے ذریعے فوجی طاقت میں اضافہ کر دیا ہے،رانا تنویر حسین،کوئی بھی ملک پاکستان کے خلاف جارحیت کا سوچ بھی نہیں سکتا ، اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعد اب دیگر ممالک کو انکی فروخت کا سلسلہ جاری کیا گیاہے،سندھ اسمبلی سے نیا قانون کسی خاص فرد کو فائدہ پہنچانے کے لیے منظور کرایا گیا ہے تو یہ آمریت کی بد ترین مثال ہے ،وفاقی و زیر کی خصوصی گفتگو

پیر 18 جنوری 2016 10:00

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہے پاکستانی ماہرین نے دفاعی سازو سامان اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جدید ایجادات کے ذریعے فوجی طاقت میں اضافہ کر دیا ہے اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعد اب ہم دنیا کے دیگر ممالک کو ان کی فروخت کا سلسلہ جاری کیا گیاہے۔

رانا فارم ہاوٴس پر کھلی کچہری کے بعد ضلع کونسل شیخوپورہ کے متوقع چیئر مین رانا احمد عتیق انور، میونسپل کمیٹی مریدکے کے نامزد چیئر مین شیخ شبیر احمد، وائس چیئر مین رانا ماجد نواز اور سید اعجاز الحسن شیرازی کے ہمراہ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری لنکا سمیت دیگر ممالک نے پاکستانی اسلحہ کی خریداری میں نہ صرف دلچسپی ظاہر کی ہے بلکہ اس سلسلہ میں باہمی معاہدے بھی عمل میں لائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بنائی گئی بندوقیں متعدد یورپی ممالک نے بھی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جو اس بات کی گواہی ہے کہ ہمارے ہماری دفاعی ٹیکنالوجی نمائیاں حیثیت کی حامل ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور ہماری حکومت اپنے ہمسائیوں سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی دوستانہ تعلقات کی خواہاں ہے ۔ کوئی بھی ملک پاکستان کے خلاف جارحیت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

پاکستان نے بھارتی شہر پٹھان کوٹ میں ہونے والی دہشت گردی کی واردات کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے بھارت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا ہے اور اس بات کی امید کی جاتی ہے کہ بھارت بھی پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کے سلسلہ میں بھر پور تعاون کرے گا تاکہ خطے سے اس لعنت کو ختم کیا جا سکے۔ سندھ اسمبلی کی طرف سے نئے قانون کی منظوری کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر یہ قانون کسی خاص فرد کو فائدہ پہنچانے کے لیے منظور کرایا گیا ہے تو یہ آمریت کی بد ترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں مسلم لیگ(ن) کے بلدیاتی سربراہان منتخب ہوں گے جس کے بعد مقامی سطح پر مسائل کے حل کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جو علاقائی ترقی کی بنیاد بنے گا۔