کراچی، پولیس نے نفرت آمیز تقریرکیس میں فاروق ستار ، حیدرعباس رضوی، رشید گوڈیل سمیت متحدہ کے دیگر رہنماؤں کو مفرور قرار دیا،عدالت نے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

اتوار 17 جنوری 2016 03:57

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17جنوری۔2016ء)انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس نے نفرت آمیز تقریرکیس میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء فاروق ستار،مقبول صدیقی، سلمان بلوچ، حیدرعباس رضوی، نسرین جلیل اور رشید گوڈیل سمیت دیگر رہنماؤں کو مفرور قرار دیا ہے ، عدالت نے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پولیس کی جانب سے نفرت آمیز تقریرکیس میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ مقدمے میں ایم کیو ایم کے سربراہ سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا جن میں مقبول صدیقی، سلمان بلوچ، حیدرعباس رضوی، نسرین جلیل اور رشید گوڈیل شامل ہیں۔

عدالت میں رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ حیدرعباس رضوی اوردیگر رہنما مفرورہیں جبکہ ایم کیو ایم کے قائد بیرونِ ملک مقیم ہیں، جبکہ ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختراورسابق صوبائی وزیر روف صدیقی ضمانت پر ہیں لہذا ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکتی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہرمشہدی منافرت پرمبنی تقریرکے مقدمے سے بری کیا گیا تھا، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ملٹری کے خلاف تقریر میں ایم کیو ایم کے قائد کی معاونت کی۔تحقیقاتی افسرنے پانچ دسمبر ہونے والی سماعت میں عدالت کو بتایا تھا کہ طاہرمشہدی کے خلاف شواہد موجود نہیں لہذا انہیں سیکشن 169 کے تحت مقدمے کی تحقیقات سے خارج کیا گیا ہے۔