ہیپاٹائٹس سی کی دوا سوفوبیور کی قیمت 9999 مقرر کر دی گئی

اتوار 17 جنوری 2016 04:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17جنوری۔2016ء)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہیپاٹائٹس سی کی دوا سوفوبیور کی قیمت 9999 روپے مختص کر دی گئی ہے۔ڈرگ اتھارٹی کی طرف سے دوا تیار کرنے کی نو کمپنیوں کو اجازت دی گئی تھی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رجسرڈ کی جانے والی کمپنیوں میں سے ایک اسلام آباد میں قائم گلوبل فارما نے جگر کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر دوا کی قیمت دس ہزار مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پرائسنگ بورڈ کے دو اجلاسوں میں معاملہ زیر بحث رہا تاہم گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں قیمت کا تعین کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس پرائسنگ کمیٹی کے چیئرمین امان اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا جس میں چاروں صوبوں کے سیکرٹریز ہیلتھ کے نمائندوں،بی پی ایم اے اور ڈرگ اتھارٹی ماہرین نے شرکت کی تھی دوا بنانے والی جن لوکل کمپنیوں کو اجازت دی گئی ان میں سے صرف ایک نے قیمت 10 ہزار روپے تک ازخود مختص کی تاہم وزارت صحت کے حکام سے قیمت 26 ہزار روپے مقرر رکھنے کو کہا گیا ۔ کئی کمپنیوں نے پاکستان میں دوائی تیار کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی جس کے بعد 16 کمپنیوں کو رجسٹرڈ کیا گیا تاہم اتھارٹی نے کمپنیوں کی قیمتوں میں تاخیر کی جس سے کمپنیاں ڈرگ تیار کرنے کے قابل نہ ہو سکیں ۔