دو دن میں برجیس طاہر کو برطرف کیا جائے ورنہ منگل کے روز آزاد کشمیر کابینہ پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرے گی،وزر اء آزاد حکومت ، وفاق آزاد کشمیر کے چھ ارب کے فنڈز فوری جاری اور کشمیر کونسل ریاست کے اندر ریاست بنانے سے گریز کرے، وفاقی وزراء آزاد کشمیر کو فتح کرنے کیلئے اپنے امیدواروں کو کشمیر کونسل کے ذریعے براہ راست کروڑوں روپے غیر آئینی طور پر دے رہی ہے ،ریاستی تشخص کیلئے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کا ایک موقف ہونا خوش آئند ہے، سردار عتیق ، خالد ابراہیم اور جماعت اسلامی نے جس طرح برجیس طاہر کے بیانات کی مخالفت کی ہے اس سے ریاستی وقار میں اضافہ ہوا ہے، وفاق اور آزاد حکومت میں لڑائی برجیس طاہر نے شروع کروائی ، چیف الیکشن کمشنر کیلئے پینل سے ہٹ کر وزیراعظم پاکستان کونام دیئے ، چوہدری لطیف اکبر و دیگر کی مشترکہ پریس کانفرنس

اتوار 17 جنوری 2016 04:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17جنوری۔2016ء) آزاد کشمیر کابینہ کے وزراء نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو دن میں برجیس طاہر کو برطرف کیا جائے ورنہ منگل کے روز آزاد کشمیر کابینہ پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرے گی ۔ وفاق آزاد کشمیر کے چھ ارب کے فنڈز فوری جاری کرے اور کشمیر کونسل ریاست کے اندر ریاست بنانے سے گریز کرے وفاقی وزراء آزاد کشمیر کو فتح کرنے کیلئے اپنے امیدواروں کو کشمیر کونسل کے ذریعے براہ راست کروڑوں روپے غیر آئینی طور پر دے رہی ہے ریاستی تشخص کیلئے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کا ایک موقف ہونا خوش آئند ہے ۔

سردار عتیق ، سردار خالد ابراہیم اور جماعت اسلامی جس طرح برجیس طاہر کے بیانات کی مخالفت کی ہے اس سے ریاستی وقار میں اضافہ ہوا ہے وفاق اور آزاد حکومت میں لڑائی برجیس طاہر نے شروع کروائی ۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر کیلئے پینل سے ہٹ کر وزیراعظم پاکستان کونام دیئے ۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

پریس کانفرنس میں تمام کابینہ شریک تھی جس میں سینئر وزیر چوہدری یاسین وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد ، وزیر برقیات فیصل ممتاز راٹھور وزیر جنگلات جاوید ایوب ، وزیر ہاؤسنگ چوہدری رشید اور دیگر وزراء نے شرکت کی ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ وزیر مور کشمیر برجیس طاہر نے وفاق اور آزاد حکومت میں لڑائی کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جسے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب نہ ہونے دیا وزیر امور کشمیر کشمیر کونسل کے فنڈز کو غیر قانونی طریقے سے کشمیر میں لارہے ہیں جس کا احتساب کیا جانا ضروری ہے اس وقت کشمیر کونسل اور ریاست کے اندر ریاست کو بنایا جارہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں آزاد کشمیر کی کابینہ یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر مملکت امور کشمیر کو برطرف کیا جائے اور وزیراعظم پاکستان برجیس طاہر کے غیر آئینی اقدامات کا نوٹس لیں آزاد کشمیر کے چھ ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے جائیں اگر دو دن کے اندر مطالبات پورے نہ ہوئے تو آزاد کشمیر کی کابینہ پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرے گی انہوں نے کہا کہ وفاق نے آزاد کشمیر میں جلسوں کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر آزاد کشمیر کے خلاف جو زبان استعمال کی ہے وہ کسی صورت قبول نہیں وفاقی وزراء نے دوبارہ ایسی زبان استعمال کی تو ان کی زبانیں کھینچ لیں گے انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزراء کی بیان بازی کیخلاف آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے جو ردعمل دیا ہے وہ قابل تحسین ہے جس میں سردار خالد ابراہیم سردار عتیق اور جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر کی ریاستی تشخص کیلئے آواز اٹھائی ہے جس سے اس کے وقار میں اضافہ ہوا ہے