ضرب عضب اور کراچی آپریشن مکمل امن ہونے تک جاری رہے گا،میجر جنرل بلال اکبر،کراچی آپریشن کا مستقبل روشن اور مستحکم ہے جو انشاء اللہ جاری رہے گا اور اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گا،ڈی جی رینجرز سندھ کی بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں سے بات چیت

ہفتہ 16 جنوری 2016 08:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16جنوری۔2016ء)ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبرنے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن ملک اور کراچی میں مکمل امن ہونے تک جاری رہے گا،کراچی آپریشن کا مستقبل روشن اور مستحکم ہے جو انشاء اللہ جاری رہے گا اور اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گا۔انہوں نے یہ بات فیڈریشن ہاؤس میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کا دورے کے موقع پر بزنس کمیو نٹی کے رہنماؤں سے بات چیت میں کہی۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم،سینئرنائب صدر خالدتواب،سینیٹر عبدالحسیب خان،،کاٹی کی لازء اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین ندیم خان،ڈاکٹر اختیار بیگ،میاں ارشد فاروق،گلزار فیروز،ایس ایم نصیر، ذوالفقار علی شیخ، ، ممتاز شیخ، بیگم سلمیٰ احمد، سی پی ایل سی کے چیف زبیر حبیب ،گوہر الله سمیت رینجرز کے کرنل امجد اقبال اور دیگر بھی موجود تھے جنہوں نے سندھ بالخصوص کراچی میں امن کے قیام کے لیے رینجرز کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

میجر جنرل بلال اکبر نے تاجر برادری کو بتایا کہ رینجرز نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے خصوصی پلان تیار کیا ہے جس پر عمل درآمد کے نتیجے میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے انہوں نے بتایا کہ رینجرز کی ایس ایم ایس ہیلپ لائن 1101سروس بھی جرائم کی روک تھام میں نمایاں کردار ادا کررہی ہے اس ہیلپ لائن کے ذریعے رینجرز کو اطلاع دینے والے شہری کے نام اور کوائف خفیہ رکھے جاتے ہیں۔

میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن ملک اور کراچی میں مکمل امن ہونے تک جاری رہے گا۔صدر فیڈریشن عبدالرؤف عالم نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوا ہے جو اس سے قبل جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دی گئی تھی۔اس موقع پر سینئر نائب صدر خالد تواب نے سی پی ایل سی کے اعدادوشمار کی بنیاد پر 2015 کے دوران شہر میں جرائم کی وارداتوں میں کمی کو رینجرز کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔