ملک بھر کے تمام پاور پلانٹس معمول پر بجلی بحال کردی گئی ہے،ترجمان وزارت پانی و بجلی ،خواجہ آصف کی بجلی کی بحالی میں حکام اور انجنیئرز کی کوششوں کی تعریف،خلل کے بعد خود کار تحفظ نظام کے تحت بجلی چار گھنٹوں میں بحال کی گئی،بیان

ہفتہ 16 جنوری 2016 09:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16جنوری۔2016ء) وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام پاور پلانٹس معمول پر آگئے ہیں اوربجلی بحال کردی گئی ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں کہا کہ جمعہ کی صبح 9:21 منٹ پر ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر جانے سے پنجاب اور کے پی کے کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی تھی اور واپڈا نے شام کے وقت ٹرانسمیشن لائن کو بحال کردیا ہے۔

جس کے بعد تمام پاور پلانٹس معمول پر آگئے ہین اور تمام علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی ہے۔ ادھروفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بجلی کی بحالی میں حکام اور انجنیئرز کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خود کار تحفظ نظام کے تحت بجلی چار گھنٹوں میں بحال کی گئی۔جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی سے ملتان اور مظفر آباد گڑھ سرکٹ کی بجلی بند ہوئی اور ملک کے تمام علاقوں کو چار گھنٹوں کے اندر بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خود کار تحفظ نطام سے بعض علاقے متاثر ہوئے اور اس نظام کے تحت بجلی کی جلد بحالی میں مدد ملی ورنہ اس طرح کے واقعات میں بجلی کی بحالی میں وقت لگتا ہے بجلی کی بحالی میں انجنیئرز اور حکام کی کوششیں قابل تعریف ہیں جنہوں نے چار گھنٹے میں بجلی بحال کی۔

متعلقہ عنوان :