ایران ، سعودی عرب تنازعہ میں امن وامان تبا ہ کرنیوالی مذہبی جماعتوں کیخلاف مقدمات درج کرکے انسداد دہشتگردی عدالتوں میں بھیجے جائیں،حکومت سندھ کی ہدایت

جمعرات 14 جنوری 2016 02:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14جنوری۔2016ء)حکومت سندھ نے پولیس اورانتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ ایران ، سعودی عرب تنازعہ میں جو مذہبی جماعتیں امن وامان تباہ کریں ان کے خلاف تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کرکے انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں مقدمات بھیجے جائیں، ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مذہبی امور واوقاف ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ مختلف مکاتب فکر کے علماء سے رابطہ کرکے انہیں آگاہ کریں کہ سندھ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خلاف تحریر وتقاریر کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ، ”خبر رساں ادارے“سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اوقاف ومذہبی امور ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا کہ حکومت سندھ نے قطعی فیصلہ ہے کہ دو مسلم ممالک کے اختلافات کے بعد سندھ میں کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ کسی بھی مسلم ملک کے خلاف ایسی بات کرے جس سے فرقہ وارانہ تنازعات میں اضافہ ہو، انہوں نے واضح کہا کہ جس سے بھی اشتعال انگیز تقاریر کیں ان کے خلاف تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج ہوگا، حکومت سندھ کی ہدایت پر انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء سے بات کرکے انہیں مثبت کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔