طبی امداد کیلئے 400 سے زائد افراد کی فوری انخلاء کو یقینی بنایا جائے ،نیوزی لینڈ

بدھ 13 جنوری 2016 09:46

ولنٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13جنوری۔2016ء)نیوزی لینڈ نے کہا ہے کہ شام کے شہر مضایا میں فاقہ کشی کی صورت ہیں اور 400 سے زائد افراد کا فوری انخلاء ضروری ہے جنہیں طبی امداد کی ضرورت ہے ،اقوام متحدہ میں نیوزی لینڈ کے سفیر نے شام کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شام کے شہر مضایا میں پھنسے لوگوں میں سے 400 افراد کو اس علاقے سے نکالنا ضروری ہے کیونکہ ان کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ’ان افراد کو آج ہی طبی امداد کی ضرورت ہے اور اقوام متحدہ کو شامی حکومت کی اجازت کی ضرورت ہے تاکہ ان افراد کو وہاں سے نکالا جا سکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شام کے باغیوں کے زیرِ قبضہ قصبے مضایا میں اس کا ایک امدادی قافلہ پہنچا جہاں اطلاعات کے مطابق لوگ فاقہ کشی سے مر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کی جانب سے روانہ کی گئی خوارک 40 ہزار افراد کی ایک ماہ کی ضروریات پوری کر سکے گی،دوسری جانب سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم میڈیسنز سانز فرنٹیئرز (ایم ایس ایف) کے برائس دا لا وگنے نے قصبے کی صورتحال کو ’بہت ہولناک‘ قرار دیا ہے۔