افغانستان نے آئی سی سی کی ”ٹاپ ٹین“ ٹیموں میں جگہ بنا کر کرکٹ پنڈتوں کو حیران کردیا، آئی سی سی فہرست میں افغان بیٹسمین اور بولر نے بھی 8 ویں پوزیشن لے لی

منگل 12 جنوری 2016 09:16

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12جنوری۔2016ء) آئی سی سی کی نئی ریکنگ میں افغانستان کی ٹیم نے ٹاپ 10 پوزیشنز میں جگہ بنا کر کرکٹ پنڈتوں کو حیران کردیا بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ان کے اوپنر بیٹسمین محمد شہزاد نے 8 ویں نمبر پر آکر دیگر بیٹسمینوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ میں افغانستان کی ٹیم نے انتہائی مختصر مدت میں ٹاپ ٹیموں میں جگہ بنا لی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ سال مزید بہترپوزیشن حاصل کرلیں گے۔

آئی سی سی رینکنگ کے مطابق افغانستان کی ٹیم 80 پوائنٹس لے کر 10 ویں سے 9 پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جب کہ آٹھویں پوزیشن پر آنے والی بھارتی ٹیم سے ایک پوائنٹس پیچھے ہے اور کئی سالوں سے کھیلنے والی تجربہ کار زمبابوے اور بنگلا دیش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

بیٹسمینوں کی جاری رینکنگ میں افغان اوپنر بیٹسمین محمد شہزاد کئی بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 8 ویں پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں اور اس میں ان کی 67 بالوں پر 118 رنز کی جارحانہ اننگز کا بڑا کردار ہے جوکہ ٹی ٹونٹی میں کسی بھی بیٹسمین کا چوتھا بڑا اسکور ہے۔

محمد شہزاد 681 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر ہیں اور برینڈن میکلم سے صرف 3 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ شہزاد نے 2015 میں 13 ٹی ٹوئنٹی کھیل کر448 رنز بنائے جو اتنے وقت میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور ہے۔افغان بولر دولت زردان نے بھی اپنی کارگردگی کا لوہا منوالیا ہے اوراپنے شعبے میں 8 ویں پوزیشن لے کر سب کو حیران کردیا۔ زردان نے صرف 10 ٹی ٹونٹی میں 18 وکٹیں حاصل کر کے یہ کامیابی سمیٹی ہے جوکہ عمران طاہر سے صرف 4 پوائنٹس پیچھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :