سعودی عرب ایران معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے ،اعتزاز احسن ، قانون اور آئین کی پاسداری تب ہی ہوسکتی ہے جب کوئی مقدس گائے نہ ہو اور قانون کا یکساں اطلاق ہو،میڈیا سے گفتگو

منگل 12 جنوری 2016 09:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12جنوری۔2016ء)پاکستان پیلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے سعودی عرب ایران میں کشیدگی کے معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون اور آئین کی پاسداری تب ہی ہوسکتی ہے جب کوئی مقدس گائے نہ ہو اور قانون کا یکساں اطلاق ہو۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں قانونی نکات پر پیپلزپارٹی کا واضح مؤقف پیش کیا ہے اور پارٹی سے متعلق بعض ہدایات دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن مدت پوری کرنے سے قبل نوازشریف حکومت ختم کر سکتے ہیں اور شاید حکومت مدت پوری نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کے مخالف نہیں بھارت سے بہتر تعلقات کے حق میں ہیں ،نوازشریف کو مودی کے ساتھ بات چیت پر ایوان کو اعتماد میں لینا چاہئے اور دونوں ملکوں کے درمیان مسائل کے حل کا طریقہ کار بھی نکلنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب دونوں ہمارے دوست ممالک ہیں،سعودی عرب ایران معاملے پر جانبداری سے بچنے کی ضرورت ہے اس پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے،پارلیمان ہر قسم کا فیصلہ کرنے والا فورم ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ احتساب کے عمل میں رینجرز کو استعمال کیا جارہا ہے اور صرف سندھ میں احتساب کا عمل چلایا جارہا ہے،کیا سندھ کے علاوہ کہیں اور بھی احتساب ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی منصوبے میں بھی بدعنوانیاں ہوئی ہیں پی آئی اے کو نہ صرف بیچا جارہا ہے بلکہ یہ خود اس کے خریدار بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کی پاسداری تب ہی ہوسکتی ہے جب قانون کا اطلاق سب پر برابر ہو اور کوئی مقدس گائے نہ ہو مقدس گائے ہر وہ شخص اور ادارہ ہے جسے قانون سے استثنیٰ حاصل ہے