افغان امن عمل کیلئے قائم کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس (آج)پیر کو ہو گا،افغانستان، امریکہ اور چین کے حکام افغان مفاہمتی عمل کے جلد آغاز اور اسے کامیابی سے آگے بڑھانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کریں گے

پیر 11 جنوری 2016 09:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11جنوری۔2016ء)افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مفاہمتی عمل سے متعلق قائم کردہ ”کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس(آج)پیر کو ہوگا ،پاکستان ،افغانستان، امریکہ اور چین کے حکام پر مشتمل کمیٹی کے اجلاس میں چاروں ممالک افغان مفاہمتی عمل کے جلد آغاز اور اس کو کامیابی سے آگے بڑھانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کمیٹی کے اجلاس سے قبل افغان طالبان سے بھی رابطے کئے گئے ہیں اور آئندہ کے امن مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے انکا جواب مثبت آیا ہے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوھدری کریں گے جبکہ افغان نائب وزیر خارجی حکمت کرزئی اور پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی و چینی نمائندے شامل ہیں،اجلا س کے بعد افغان حکومت اور طالبان کے ما بین جلد مذاکرات کی توقع ہے اور یہ امن بات چیت رواں ماہ ہی ہونے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں افغان مفاہمتی عمل دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے افغان حکام اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ سال جولائی کے مہینے میں مری میں ہوا تھا اوراس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دوسرا دور بھی جولائی میں پاکستان میں ہی ہو گا اور پاکستان ہی اس کی میزبانی کرے گا تاہم 31جولائی کو ہونے والا دوسرا مذاکراتی دور افغان طالبان کے سابق سربراہ ملا عمر کے انتقال کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا۔گزشتہ سال کے اواخر میں اسلام آباد میں ہی ہونے والی ”ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس“کے موقع پر پاکستان ، افغانستان ،امریکہ اور چین نے طے کیا کہ امن مذاکرات کی بحالی کے لیے کوششیں کی جائیں اور اس مقصد کے لیے چار ملکی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :