سعودی وزیردفاع کی قیادت میں شاہی وفد کی آج اسلام آباد آمد کی اطلاعات،سعودی وفدپاکستانی قیادت سے سعودی، ایران تنازعے اور سعودی قیادت میں تشکیل پانے والے 34 ملکی اتحاد پر تبادلہ خیال کرے گا،وفد کے استقبال کیلئے 3 سپیشل لیموزین گاڑیاں اسلام آباد پہنچ گئیں حکومت کی سعودی شاہی وفد کے دورے کو خفیہ رکھنے کی کوشش

ہفتہ 9 جنوری 2016 09:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8جنوری۔2016ء) سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلیمان کی قیادت میں سعودی عرب کے شاہی خاندان کے ایک خصوصی وفد کی شاہی پرواز کے ذریعے آج(ہفتہ کو) اسلام آباد آمد کی اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق سعودی وزیر دفاع کی قیادت میں پاکستان آنے والے وفد پاکستان کی سول اور فوجی قیادت سے ایران سے پیدا ہونے والے تنازعے اور سعودی قیادت میں تشکیل پانے والے 34 ملکی اتحاد کے بارے میں تبادلہ خیال کرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سعودی وزیر دفاع کی قیادت میں آنے والے شاہی وفد کے دورے کو خفیہ رکھ رہی ہے اور اس بارے میں سرکاری طور پر ذرائع ابلاع کو کچھ نہیں بتایا جارہا ہے جو سفارتی آداب کے منافی ہے۔ وفد کے استقبال کیلئے تین سپیشل لیموزین گاڑیاں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں ۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے گزشتہ روز اسلام آباد کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے وزیراعظم‘ مشیر خارجہ اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کی تھیں۔ تاہم سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورے اور پاکستان میں ان کی مصروفیات کے بارے میں باضابطہ طور پر میڈیا کو کوئی بریفنگ نہیں دی گئی تھی۔علاوہ ازیں سعودی عرب کا ایک اور 80 رکنی وفد پہلے ہی اسلام آباد میں موجود ہے