بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں کے وفد کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات، وفاقی وزیر صوبائی قائدین کو گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے متعلق مطمئن نہ کر سکے

جمعہ 8 جنوری 2016 09:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8جنوری۔2016ء ) بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں جمعیت علماء اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات کی اور دو گھنٹے سے جاری تفصیل اور طویل ملاقات کے بعد بھی وفاقی وزیر نے جمعیت علماء اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی قائدین کو گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے متعلق مطمئن نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر و بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و سینیٹر حافظ حمد اللہ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی اور اے این پی صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں وفاقی وزیر احسن اقبال سے طویل ملاقات کی اور دو گھنٹے جاری ملاقات کے بعد بھی وفاقی وزیر نے بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں کو گوادر کاشغر روٹ کے حوالے سے مطمئن نہ کر سکے ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علماء اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی قائدین نے کہا کہ گوادر کاشغر مغربی روٹ پر بلوچستان کے پشتون اور خیبرپختونخوا مکمل نظرانداز کیا جارہا ہے اور گزشتہ روز وزیراعظم نے جس روٹ کا افتتاح کیا تھا وہ گوادر کاشغر سے کوئی تعلق نہیں رکھتے جب تک وفاقی حکومت گوادر کاشغر اقتصادی راہداری پر ہمیں حقیقی معنوں میں مطمئن نہیں کرسکتے اس وقت ہم اس مسئلے پر خاموش نہیں رہیں گے اور وفاقی حکومت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ گوادر کاشغر روٹ پر کوئی بھی عذر قابل قبول نہیں ہوگا