وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس،ملکی وخطے کی سکیورٹی صورت حال سمیت سعودی عرب، ایران کشیدگی پر تبادلہ خیال،وزیر اعظم نے پٹھان کوٹ حملے پر نریندر مودی سے ہونے والی بات چیت پر وزراء کو اعتماد میں لیا،دونوں اسلامی برادر ملک ہیں،کشیدگی سے پورا خطہ متاثر ہوگا،دونوں کو صبر و تحمل سے کام لینے کی درخواست کریں گے ،نواز شریف

جمعہ 8 جنوری 2016 09:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8جنوری۔2016ء)وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی کا اجلاس ہوا جس میں اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، مشیر سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی سے پٹھان کوٹ حملے پر ہونیوالی بات چیت کے حوالے سے بھی وفاقی وزراء اور مشیروں کو آگاہ کیا ، وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور خطے کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کر نے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب اور ایران دو نوں برادر اسلامی ممالک ہیں اور دو نوں کے درمیان کشیدگی سے تمام مسلم ممالک سمیت پورا خطہ متاثر ہوگا ،پاکستان دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے اپنا تمام اثر و رسوخ استعمال کرے گا اور دونوں ممالک کو صبر و تحمل سے کام لینے کی درخواست کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں مسلم امہ کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے ،سعودی عرب اور ایران کو بھی آپس کی کشیدگی ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے وزیراعظم کو ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ، دہشت گردوں ، کالعدم تنظیموں کے ارکان سمیت دیگرجرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔