وزیر اعظم نواز شریف کا نریندر مودی کو فون ،پٹھان کوٹ ائیربیس حملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش، دہشت گردانہ حملوں سے تعلقات متاثرنہیں ہو ں گے ،دونوں رہنماؤں کا عزم،پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ،ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں ،بھارت نے حملے سے متعلق جو بھی معلومات فراہم کی ہیں ان کی مکمل تحقیقات کرینگے،نواز شریف،پاک بھارت قومی سلامتی مشیروں کا بھی ٹیلی فونک رابطہ ،حملے کی معلومات شیئر کیں،ناصر خان جنجوعہ کی تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی ،اجیت دیوال کا پاکستانی بیان کا خیر مقدم

بدھ 6 جنوری 2016 09:38

اسلام آباد ،نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6جنوری۔2016ء)وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا ہے اور پٹھان کوٹ ائیر بیس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے ،دونوں رہنماؤں نے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردانہ حملوں سے دوطرفہ تعلقات متاثرنہیں ہو ں گے ۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق منگل کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر رابطہ کیا ہے اور والے پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور پاکستان ہر قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ،انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ،دونوں ممالک کو ملکر اپنے مشترکہ دشمن کو شکست دینا ہوگا،رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے نریندر مودی کو پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملے کی تحقیقات کیلئے اپنے مکمل تعاون کی پیش کش کی ہے جس پر نریندر مودی پاکستان ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ، رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دس منٹ تک ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ا اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور اس قسم کے واقعات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقا ت متاثر نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ واقعہ پر افسوس ہے، ا س حوالے سے بھارت کی جانب سے جو بھی معلومات فراہم کی گئی اس کی مکمل تحقیقات کرینگے ۔ د ریں اثناء بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیوال نے بھی پاکستان ہم منصب ناصر خان جنجوعہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور پٹھان کوٹ ائیر بیس پر دہشت گردانہ حملے کی معلومات شیئر کی ہیں جبکہ پاکستان کی جانب جاری بیان کا خیرمقدم کیا ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے پاکستان سے پٹھان کوٹ ایئربیس حملوں سے متعلق معلومات کاتبادلہ کیا،جس علاقے سے فون کالزکی گئی اس کاریکارڈ بھی پیش کیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے پٹھان کوٹ ائیر بیس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملے کی تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے شیئر کی گئی فراہم کی گئی معلومات پر تحقیقات کریں گے