ہمارا وفاق سے کوئی جھگڑا نہیں ہے،مولا بخش چانڈیو ، وفاق کو تسلیم اور پسند کرتے ہیں مگر وفاق کو بھی ہمارے ایسے رویے کو مد نظر رکھتے ہوئے مثبت رویہ اختیار کیا جائے تاکہ باتوں کے ذریعے مسئلے حل ہو سکیں،آصف زرداری طبیعت ٹھیک ہونے کے بعد پاکستان واپس لوٹیں گے،تقریب سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 جنوری 2016 09:32

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہمارا وفاق سے کوئی بھی جھگڑا نہیں ہے ہم وفاق کو تسلیم اور پسند کرتے ہیں مگر وفاق کو بھی ہمارے ایسے رویے کو مد نظر رکھتے ہوئے مثبت رویہ اختیار کیا جائے تاکہ باتوں کے ذریعے مسئلے حل ہو سکیں ۔ یہ بات انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن سائنسز اینڈ آرٹس ( امسا ) حیدرآباد کے کمیٹی ہال میں امسا کی جانب سے جشن عید میلا النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقد ہ تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں داعش نہیں ہیں لیکن پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں داعش گرفتار ہوئے ہیں وفاق اپنے عیب چھپانا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق سہولتکاروں کے شک شبے میں جسے چاہے اس کی جانچ کر سکتی ہے ۔ صحافیوں کی جانب سے سوال پر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان پر الزام لگا نہیں سکتا ۔عمران خان خان خود کہہ رہے ہیں کہ ہم نے طالبان کا علاج کیا ہے ۔

آصف زرداری سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ملک تمام پاکستانیوں سمیت آصف علی زرداری کا بھی ملک ہے وہ چھپ کے نہیں گیا ہے بلکہ علاج کے سلسلے میں ملک سے باہر ہیں اور طبیعت ٹھیک ہونے کے بعد وہ پاکستان واپس لوٹیں گے ۔ ایک سول پر انہوں نے کہا کہ آپریشن بند نہیں ہوا بلکہ جاری ہے اور اس کے نتائج سے بخوبی واقف ہیں اور یہ آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتقام کی بات نہیں کرتے کتاب کھلی ہوئی ہے انتقامی سیاست نواز شریف نے شروع کی ہے اور ہم انتقام پر یقین نہیں رکھتے ۔ ایم کیو ایم سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ متحدہ سندھ میں رہنے والی جماعت ہے ہماری اس سے کوئی بھی دشمنی نہیں ہے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ۔ ڈاکٹر عاصم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کا کیس عدالت میں جاری ہے جس کے متعلق بولنا مناسب نہیں ہے ۔

پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف گذشتہ 20سالوں سے حکومت کر رہے ہیں ان سے کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ہے صرف ہم سے پوچھا جاتا ہے ۔ ایک دوسرے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایاز لطیف پلیجو ہمارا بھائی ہے مگر وہ ہمارے خلاف بولے گا تو ہم بھی جواب دینے کا حق رکھتے ہیں ۔ قبل ازیں امسا کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ حضور ﷺ کی زندگی ، قول اور فعل ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔

کائنات میں سب سے عظیم انقلاب حضور ﷺ کی آمد سے آیا جوکہ دنیا کیلئے ہدایت ، امن ، اخوت اور محبت و بھائیچارے کا پیغام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام انسانیت کا مذہب ہے جس میں ظلم اور زیادتی کی کوئی بھی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم اپنے معاشرے میں نہ صرف بہتر تبدیلی لا سکتے ہیں بلکہ ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ بھی کر سکتے ہیں ۔

اس موقع پر امسا کے چیئر مین شفیق حیدر موسوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ربیع الاول کا ماہ اسلامی تاریخ کا نہیں بلکہ تاریخ انسانیت کا وہ عظیم ماہ ہے جس میں ہمارے پیارے نبی ﷺ کی ولادت ہوئی یہ ایک ایسی سعادت ہے جس کا مقابلہ کوئی سعادت نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق باتیں کرتے ہوئے کہا کہ امسا اگست 1999میں قائم ہوا اور ان 16سالوں کے دوران ایم سی آئی ٹی ، ایم بی اے ، بی بی اے، بی سی آئی ٹی ، ڈی سیبی ایم ، ڈی آئی ٹی اور سی ایس ایس کے5964طلبہ و طالبات نے ڈگریاں حاصل کیں جبکہ اس وقت تک ادارے کے 9کانووکیشن بھی ہو چکے ہیں جبکہ 10واں کانووکیشن رواں ماہ منعقد کیا جائیگا۔

اس موقع پر میلا النبی ﷺ کے دوران نعت خوانوں نے نعتیں پڑھ کرحضور ﷺ کی دربار میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں امسا کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر مستفین رضا ، پرنسپل الماس کاظمی کے علاوہ طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :