پنجاب حکومت نے اضلاع کو فراہم کئے جانے والے فنڈز میں 15 فیصد کٹوتی کر دی، یہ فنڈز صوبائی فنانس کمشن کے ذریعے دیئے جاتے ہیں

ہفتہ 2 جنوری 2016 09:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2016ء) پنجاب حکومت نے اضلاع کو فراہم کئے جانے والے فنڈز میں 15 فیصد کٹوتی کر دی یہ فنڈز صوبائی فنانس کمشن کے ذریعے دیئے جاتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب محکمہ خزانہ کے سینئر عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ کٹوتی صوبے بھر میں ترقیاتی پروجیکٹس کو مکمل کرنے کے لئے کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ فنانس کمشن ایوارڈ کے تحت حکومت نے ہر ضلع کو لگ بھگ 9 ارب روپے جاری کئے جو تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر اخراجات کے لئے تھے تاہم نومبر میں باضابطہ اعلان کئے بغیر ماہانہ رقوم میں کمی کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے لئے ضلعی حکومتوں کا فنڈز بھی 15 فیصد کم کر دیا گیا ہے اور یہ کٹوتی 2015ء سے کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

عہدیدار نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کو کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بغیر کسی تاخیر کے کرنے کے لئے باکفایت اور بچت کے اقدامات اپنائے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ صوبائی حکومت نے مقامی حکومتوں کے انتخابات سے قبل ضلعی حکومتوں کے لئے کروڑوں روپے جاری کئے تاہم انتخابات کے بعد ترقیاتی کاموں کے فنڈز روک دیئے۔

ضلع راولپنڈی میں حکومت نے 30 ملین روپے 4 قومی اسمبلی اور 8 صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لئے مختص کئے یہ فنڈز 5 مہینے قبل صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لئے جاری کئے گئے لیکن 120 ملین روپے کے فنڈز ابھی تک قومی اسمبلی کے حلقوں کے لئے جاری نہیں کئے گئے۔ دریں اثناء کمشنر راولپنڈی ساجد ظفر ڈال کا کہنا ہے کہ واقعی اضلاع کے شیئر میں 15 فیصد کٹوتی کر دی گئی ہے تاہم یہ نیا واقعہ نہیں ہے،پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے اعجاز کا کہنا ہے کہ لاہور کے اورنج لائن میٹرو ٹرین نے صوبوں کے تمام فنڈز ہڑپ کر لئے ہیں کیونکہ اس پر 165 ارب روپے لاگت آئے گی،انہوں نے کہا کہ شہریوں کی بنیادی ضروریات کی بجائے صوبائی حکومت ٹیکس گزاروں کی رقوم میٹرو ٹرینوں اور بسوں پر خرچ کررہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ صحت ،تعلیم اور پانی سپلائی کی سکیموں پر پیسے لگانے کی بجائے حکومت کمیشنوں کے ذریعے پیسہ بنا رہی ہے،ن لیگ کے سابق رہنما ملک شکیل اعوان کا کہنا تھا کہ میٹرو ٹرین پنجاب اپنے وسائل اور چائینہ بینک کے قرضوں سے چلائی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ غلط تاثر ہے کہ میٹرو ٹرین اضلاع کا ترقیاتی بجٹ کھا رہی ہے

متعلقہ عنوان :