ترکی : سالِ نو پر حملوں کی سازش،داعش کے دو مشتبہ جنگجو گرفتار

جمعہ 1 جنوری 2016 08:55

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم جنوری ۔2016ء)ترک پولیس نے دارالحکومت انقرہ میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش سے تعلق رکھنے والے دو خودکش بمباروں کو گرفتار کر لیا ہے جوکہ نئے سال کے آغاز کے موقع پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ترکی کے ایک عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے:''ان کے بارے میں شْبہ ہے کہ وہ داعش سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ سالِ نو کے آغاز پر انقرہ میں حملے کی سازش کررہے تھے''۔

تر ک نجی ٹیلی ویژن کی اطلاع کے مطابق انسداد دہشت گردی پولیس نے ان دونوں افراد کو انقرہ کے نواح میں واقع علاقے مامک سے گرفتار کیا ہے۔واضح رہے کہ 10 اکتوبر کو انقرہ میں دو خودکش بم دھماکوں کے بعد سے ترکی میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔کرد نواز کارکنوں کی ریلی پر ان دونوں بم حملوں میں ایک سو تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

جدید ترکی کی تاریخ میں یہ دہشت گردی کا سب سے تباہ کن واقعہ تھااس حملے کا داعش پر الزام عاید کیا گیا تھا۔

قبل ازیں ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں اس سال کے وسط میں دو اور تباہ کن بم دھماکے ہوئے تھے اور داعش پر ان دونوں حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔ان واقعات کے بعد ترک حکام نے مشتبہ دہشت گردوں کے مبیّنہ ''سلیپر'' سیلوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور اس دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :