وزیراعظم محمد نوازشریف کے زیر صدارت پاکستان پوسٹ کے بارے میں اجلاس ، وزیراعظم نے موبائل منی سلوشن سکیم متعارف کرانے اور پاکستان پوسٹ لاجسٹک کمپنی کے قیام کی تجویز کی اصولی منظوری دیدی

بدھ 30 دسمبر 2015 09:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے منگل کو جی پی او مری کی عمارت کو اپ گریڈ کرنے کے افتتاح کے بعد پاکستان پوسٹ کے بارے میں اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک کے تمام حصوں کے عوام کیلئے قابل برداشت اور قابل رسائی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو ملک کے تمام علاقوں سے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کا ذریعہ بننا چاہئے جس سے وفاق کی حقیقی روح کی عکاسی ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں اپنے وسیع تر نیٹ ورک کے باعث پاکستان پوسٹ کو کمیونٹی سروس کا محور ہونا چاہئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان پوسٹ کو اپنی خدمات کو مستعد، سستا اور عوام دوست بناتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لا کر سرمایہ کاری کیلئے نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو سیکرٹری مواصلات اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے پاکستان پوسٹ کی طرف سے کی جانے والی اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نئے مواقع اور ٹیکنالوجی اور ملک بھر سے سرمایہ کاری کی نئی راہیں تلاش کر کے پاکستان پوسٹ کی ضروری اصلاح کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے موبائل منی سلوشن سکیم متعارف کرانے اور مشترکہ منصوبے کے طور پر پاکستان پوسٹ لاجسٹک کمپنی کے قیام کی تجویز کی اصولی منظوری دی۔