پاکستان اور بھارت کے مسئلہ پر بہت جلد دوبارہ بات چیت شروع ہو جائے گی‘ایاز صادق ، بھارت کو معلوم ہو گیا پاکستان ایک حقیقت ہے جسے کسی بھی صورت جھٹلایا نہیں جا سکتا، بھارت کے پاکستان کے ساتھ اچھے روابط ہونگے تو دونوں ممالک میں نہ صرف خوشحالی ہو گی بلکہ کئی پیچیدہ مسائل بھی بات چیت کے ذریعے حل ہو سکیں گے،سپیکر قومی اسمبلی کی میڈیا سے بات چیت

اتوار 27 دسمبر 2015 10:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27دسمبر۔2015ء) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیر کے تنازعہ کو حل کرنے کے لئے بہت جلد دوبارہ بات چیت شروع ہو جائے گی‘ بھارت کو معلوم ہو گیا ہے کہ پاکستان ایک حقیقت ہے جسے کسی بھی صورت جھٹلایا نہیں جا سکتا‘ اگر بھارت کے پاکستان کے ساتھ اچھے روابط ہونگے تو دونوں ممالک میں نہ صرف خوشحالی ہو گی بلکہ کئی پیچیدہ مسائل بھی بات چیت کے ذریعے حل ہو سکیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اپنے سسر جسٹس سردار محمد اقبال مرحوم سابق وفاقی محتسب کے گاؤں میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا دورہ پاکستان سے مثبت نتائج نکلیں گے اور بہت جلد سیکرٹری خارجہ اور دیگر بھارت اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ساتھ وزرائے اعظم کی ملاقات کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور اس کے قائد میاں محمد نواز شریف صاف ستھری سیاست کے حامی ہیں اور ہمیشہ انہوں نے تلخ زبان اور بدمزگی والی سیاست سے اجتناب کیا ہے۔ مگر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی جماعت کے ارکان کو صرف گالی گلوچ کرنا آتی ہے۔ جہاں وہ شکست کھا جاتے ہیں وہاں دھاندلی کا الزام لگایا جاتا ہے اور جس نشست سے وہ کامیابی حاصل کرتے ہیں اسے منصفانہ الیکشن قرار دیتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ حلفاً کہہ سکتے ہیں کہ ان کے لاہور کے ضمنی الیکشن میں انہوں نے اپنے حلقہ کے کسی ووٹروں کی لسٹ کو تبدیل کرایا اور نہ ہی الیکشن کمیشن میں کوئی ووٹروں کی تبدیلی درخواست دی۔ یہ تمام ہم پر جھوٹے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سندھ میں کسی بھی صورت گورنر راج نہیں لگے گا جبکہ کراچی میں رینجرز اختیارات اور صوبائی حکومت سندھ کے جو خدشات ہیں اس کے ازالہ کرنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف بہت جلد کراچی جا رہے ہیں جہاں وہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کرکے اس مسئلہ کو حل کرائیں گے اور انہیں پوری امید سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان جو رنجش شروع ہوئی ہے وہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گی اور ہم صوبائی حکومت کے خدشات کو دور کرینگے۔

انہوں نے کراچی میں کئے جانے والے رینجرز کے آپریشن کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کی وجہ سے کراچی میں امن و امان قائم ہو رہا ہے اور کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بنتا جا رہا ہے اور بہت جلد اس کی مکمل رونق بحال ہو جائے گی۔