صوبے میں وی آئی پیز کیلئے کوئی روٹ نہیں لگایا جائے گا،مشتاق احمد غنی

جمعہ 25 دسمبر 2015 09:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے شروع دن ہی سے صوبے میں وی آئی پی پروٹوکول کا مکمل خاتمہ کیا ہوا ہے ،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر خیبر پختونخوا کا دورہ کرنے والے تمام معزز مہمانوں اور وی آئی پیز کیلئے کوئی روٹ نہیں لگایا جائے گا،وی آئی پیز کو سیکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن کسی صورت سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی ۔

یہاں سے جاری ایک بیان میں مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پروٹوکول کے خلاف ہے ،پارٹی چئیر مین عمران خان کو بھی خیبر پختونخوا آمد پر کوئی وی آئی پی پروٹوکول نہیں دیا جاتا ہے جبکہ صوبے کے وزیر اعلیٰ بھی بغیر پروٹوکول کے ہر جگہ آتے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت خالصتاً عوامی حکومت ہے اور ایسا کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا جا سکتا جو عوام کیلئے مشکلات اور صوبائی خزانے پر بوجھ ثابت ہو ۔صوبے میں کسی بھی وزیر اور حکومتی عہدیدار کو پروٹوکول دینے کی اجازت نہیں ہے۔مشتاق احمد غنی نے مزید کہا کہ حقیقی عوامی نمائندے پروٹوکول کے بغیر لوگوں کے درمیان موجود ہوتے ہیں اور عوام کیلئے زحمت بننے کی بجائے ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں