سندھ میں گورنر راج لگاتو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی ،سراج الحق ،ملک میں اس وقت تمام ادارے کرپشن میں ملوث ہیں ، صحت کا یہ حال ہیہسپتالوں میں تین تین بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ایک بیڈ پر لٹائے جاتے ہیں ، پولیس اور عدالتیں اپنا کام کرنے میں ناکام ہوئیں تو رینجرز کو آنا پڑا ، پاکستانتمام مسلم ممالک کو لیڈ کرے کسی ایسے اتحاد کا حصہ نہیں بننا چاہیے جو مسلم ممالک کو آپس میں تقسیم کردے،میڈیاسے گفتگو

بدھ 23 دسمبر 2015 09:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگتاہے تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی ،ملک میں اس وقت تمام ادارے کرپشن میں ملوث ہیں ، صحت کا یہ حال ہے کہ ہسپتالوں میں تین تین بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ایک بیڈ پر لٹائے جاتے ہیں ، پولیس اور عدالتیں اپنا کام کرنے میں ناکام ہوئیں تو رینجرز کو آنا پڑا ، پاکستان کو چاہیے کہ وہ تمام مسلم ممالک کو لیڈ کرے کسی ایسے اتحاد کا حصہ نہیں بننا چاہیے جو مسلم ممالک کو آپس میں تقسیم کردے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ اور وفاق کے درمیان جاری تنازعہ ختم نہ ہوا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں مارکیٹ میں اس وقت گورنر راج کی باتیں بھی چل رہی ہیں اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت کو مل بیٹھ کر تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے چاہیے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں صحت اور تعلیم کی صورتحال انتہائی خراب ہے اگر ایک ہسپتال میں مختلف بیماریوں میں مبتلا تین تین بچوں کو ایک بیڈ پر لٹایا جائے تو صحت کی صورتحال کیسے ٹھیک ہوسکتی ہے لاہور میں سترہ بچے حکومتی غفلت کی وجہ سے مارے گئے حکومت کوچاہیے کہ غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرکے صحت اور تعلیم پر لگائے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ تمام مسلم ممالک کو لیڈ کرے کسی ایسے اتحاد کا حصہ نہ بنے جس سے مسلم ممالک تقسیم ہوتے ہوں انہوں نے کہا کہ سندھ میں رینجرز آپریشن سے حالات بہتر ہوئے ہیں عدالتیں جب اپنے کام میں ناکام ہوئیں تو رینجرز کو آنا پڑا جب تمام ادارے اپنا اپنا کام بہتر طریقے سے کرنا شروع کردینگے تو ملک کے حالات بھی ٹھیک ہوجائینگے اس وقت ملک کے تمام ادارے کرپشن میں ملوث ہیں اور سالانہ کئی ارب کی کرپشن کرتے ہیں جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا ترقی کرنا ناممکن ہے