نیب پنجاب کا 325 سے زائدسیاست دانوں کی” کرپشن کارکردگی “شائع کرنے کا فیصلہ ، رانامشہود کی 26گھنٹے طویل مبینہ ویڈیو بھی شامل ، سب سے زیادہ کرپشن بیوروکریسی ، دوسرا نمبر پنجاب پولیس،ہاوٴسنگ سوسائٹیز اور لینڈ مافیا کا ہے، کرپشن کرنے اور قومی خزانے کو لوٹنے والا کوئی بھی ہو، اب احتساب سب کا ہو گا، بڑے مگرمچھوں کے خلاف شکایات سامنے آچکی ہیں،نیب آفیسر کے کرپشن کے حوالے سے کوئی ثبوت سامنے آیا تو اس کا حال بھی ”ہائی پروفائل“ جیسا کیا جائے گا۔سینئر آفیسر نیب

بدھ 23 دسمبر 2015 09:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو پنجاب سے وابستہ ایک سینئر آفیسر نے انکشاف کیا ہے کہ نیب پنجاب نے رانامشہود کی 26گھنٹے کی طویل مبینہ ویڈیو سمیت 325 سیاست دانوں کی” کرپشن کارکردگی “شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کسی بھی قسم کے دباوٴ سے بچنے کیلئے ہائی پروفائل سمیت تمام کیسز جلد ازجلد نمٹانے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹیز کی تشکیل آخری مراحل میں ہے۔

پنجاب میں کرپشن میں پہلا نمبر بیوروکریسی کا جبکہ دوسرا نمبرپولیس ،ہاوٴسنگ سوسائٹیز اور لینڈ مافیا کا جبکہ تیسرے نمبر پر سیاستدان ہیں، سینئر آفیسر نے ڈی جی نیب پنجاب سید برہان علی کے حوالے سے بتایا کہ ڈی جی نیب مذکورہ کیسز پر کسی بھی قسم کا دباوٴ قبول نہیں کریں گے ، قومی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب شروع ہو چکا ہے اب یہ سفر آگے بڑھے گا ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رانامشہود کے خلاف ویڈیو سکینڈل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، رانامشہود کی منظر عام پر آنے والی ویڈیوصرف ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی ہے جبکہ انکوائری میں رانامشہود کی ویڈیو 26گھنٹے کی نکلی ہے۔ یوتھ فیسٹیول سمیت دیگر منصوبوں کی بھی انکوائری شروع ہوچکی ہے جس میں بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سینئر آفیسر کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ کرپشن بیوروکریسی میں ہے ، دوسرا نمبر پنجاب پولیس،ہاوٴسنگ سوسائٹیز اور لینڈ مافیا کا ہے جبکہ تیسرے نمبر پر سیاستدان ہیں جو اس گھناوٴنے جرم میں ملوث ہیں،پنجاب میں ہائی پروفائل کیسیزجو 325ک سے زائد ہیں کی مکمل تفصیلات جو جلد شائع کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔نیب نے جو نئی حکمت عملی تیار کی ہے اس کے مطابق اب ایک فون کال پر کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

کرپٹ افراد کا تعلق حکومت سے ہو یا اپوزیشن یا پھر کسی سیاسی جماعت سے کارروائی بلاتفریق ہو گی۔ نیب میں اگر کسی آفیسر کے کرپشن کے حوالے سے کوئی ثبوت سامنے آیا تو اس کا حال بھی ”ہائی پروفائل“ جیسا کیا جائے گا۔ بڑے بڑے مگرمچھوں کے خلاف شکایات سامنے آچکی ہیں جلد قوم کے سامنے لائیں گے۔