مخدوم سید فیصل صالح حیات کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ،ذوالفقار مرزا کا بھی مخدوم فیصل سے رابطہ‘ پرانے سیاسی رہنما نئی جماعت میں شامل ہوں گے

پیر 21 دسمبر 2015 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2015ء) سابق وزیر داخلہ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئی سیاسی جماعت میں پاکستان پیپلزپارٹی کے متعدد رہنماؤں کی شمولیت کا امکان ہے۔ خبر رساں ادارے کو بتایا گیا ہے کہ مخدوم سید فیصل صالح حیات ملک میں نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور اس مقصد کے لئے اپنے قریبی معتمدین کے ساتھ صلاح مشوروں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

نئی سیاسی جماعت کا نام پاکستان پیپلزپارٹی عوامی رکھے جانے کا امکان ہے تاہم نام بارے حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات سے بلاول بھٹو زرداری نے بھی رابطہ کر کے پار ٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے اور پنجاب کی صدارت کی پیشکش بھی کی ہے۔ نئی سیاسی جماعت کی تشکیل بارے عام انتخابات سے قبل فیصلہ کر لیا جائیگا۔ فیصل صالح حیات کا مخدوم گروپ پہلے ہی جھنگ اور چنیوٹ میں بھاری اکثریت سے جیت کر دونوں اضلاع کی چیئرمین ضلع کونسل بنانے کی پوزیشن میں آ چکا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے بھی مخدوم سید فیصل سے رابطہ کیا ہے اور نئے سیاسی اتحاد بنانے پر بات چیت کی گئی ہے۔