پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ اسٹریٹجک شراکت دارچاہتے ہیں، اسحاق ڈار، پی آئی اے کے شراکت دار کے انتخاب میں شفافیت لازمی ہوگی، تما م سٹیک ہولڈز کو تحفظ حاصل ہوگا، بیان

پیر 21 دسمبر 2015 09:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ اسٹریٹجک شراکت دارچاہتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پی آئی اے جیسے ادارے کو اپنے پیروں پرکھڑا دیکھنا چاہتی ہے، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کے آے کے بعد قومی ایئرلائن کے حالات میں بہتری آئی ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں بلکہ اسٹریٹجک شراکت دارچاہتی ہے، شراکت دار کے انتخاب میں شفافیت لازمی ہوگی اورادارے کے کسی ملازم کو نوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سے کسی کو نکالا نہیں جائے گااور ملازمین اپنی جابز پر ہوں گے اور ان کی ملازمت کی شرائط اور ضوابط میں کوئی تبد یلی نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اگر ائر لائن کیلیے سٹریٹجک پارٹنر نہیں بھی ملتا تو حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ پی آئی اے مختصر وقت میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو کارپوریشن سے کمپنی میں تبدیل کرنے سے تما م سٹیک ہولڈز کو تحفظ حاصل ہوگاجس سے سرمایہ کاروں کا اعتمادبحال ہوگااور کمپنی میں سرمایہ کاری بڑھے گی انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اب کوڈ آف کارپوریٹ گورننس کی پیروی کرے گی جس سے انتظامیہ کے لیے بہتر ماحول پیدا ہوگااور ان کے لئے لیگل مسائل میں کمی پیداہوگی اور فراڈ کے مواقع کم ہوں گے۔

اس سے بہتر انسانی وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جائے گیااور مالی حالت بھی بہتر ہوگی جس سے مزید طیاروں کی راہ ہموار ہوگی مزید راستے(روٹس)پیداہوں گے اور پی آئی اے کسٹمرز کیلئے بھی بہتر خدمات میسر آئیں گی۔