ڈین جونز کی مکمل دستاویزات کے ساتھ پاکستا ن واپسی ،وزیر داخلہ چوہدری نثار کا سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کو بغیر ویزا پاکستان لانے کا نوٹس نجی ائیر لائن کے خلاف کارروائی کا حکم ،ذمہ دار ایف آئی اے کے افسران کو برطرف کردیا گیا

پیر 21 دسمبر 2015 09:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2015ء)سابق آسٹریلوکرکٹرڈین جونز نامکمل دستاویزات کی بدولت ڈی پورٹ کئے جانے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹرڈین جونزبغیرسفری دستاویزات کے پاکستان آئے تھے ،وزارت داخلہ نے نامکمل دستاویزات پرنوٹس لیکرانہیں اسلام آبادسے ڈی پورٹ کردیا تھا ۔بعدازاں ڈین جونزمکمل سفری دستاویزات کے ساتھ دبئی سے لاہورائیرپورٹ پراترگئے۔

ادھروزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کو بغیر ویزا پاکستان لانے کا نوٹس لے لیا‘ غیرملکی نجی ائیر لائن کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ کوئی غیر مکی بغیر ویزا کے پاکستان داخل نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے قوانین‘ خود مختاری اور عزت کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

پاکستان آنے والوں کو قوانین اور قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی غیرملکی نجی ائیر لا ئن اسی طرح جرمانہ کیا جائے جس طرح ہماری قومی ائیر لائن پر کیا جاتاہے ۔ وزیر داخلہ نے ایک خاتون کا اپنے بیٹے کے پاسپورٹ پر لاہور سے دبئی جانے کا بھی نوٹس لیا اور حکم پر انکوائری کے بعدذمہ دار ایف آئی اے کے افسران کو برطرف کردیا گیا۔

چوہدری نثار علی خان ین ہدایت کی کہ ایف آئی اے سفری کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کرکے سفرکی اجازت دے ۔ بغیر کاغذات کے کسی کو سفر کی اجازت نہ دی جائے۔ قبل ازیں فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے)نے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کو قانونی دستاویزات مکمل نہ ہونے پر اسلام آباد ائیر پورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا ہے ،ڈین جونز کے پاس ویزہ تھا نہ ہی کسی قسم کا کوئی اجازت نامہ تھا ، وہ پاکستان سپر لیگ کی ایک فرنچائز کے کوچ تھے اور انہیں کی تقریب رونمائی میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز سابق آسٹریلوی کرکٹرو پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائٹڈ کی ٹیم کے کوچ ڈین جونز اسلام آباد ائیر پورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے ، ڈین جونزاسلام آباد میں ہونیوالی یونائیٹڈ ٹیم اسلام آباد کی تقریب رونمائی میں شرکت کے لیے آسٹریلیا کے شہر میلبرن سے پاکستان آئے تھے ،تاہم ایف آئی اے نے انہیں اسلام آباد ائیرپورٹس سے باہر نہیں آنے دیا اور اندر سے ہی واپس ڈی پورٹ کر دیا ، ڈین جونز کے پاس ایسی کوئی چیز موجود نہ تھی جس سے وہ ایف آئی اے حکام کو مطمئین کر سکتے ،ڈین جونز کے پاس نہ ہی پاکستان کا ویزہ تھا اور نہ کوئی اجازت نامہ تھا ۔