حکومت ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کام کر رہی ہے ،عابد شیرعلی ،دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے ،توقع ہے اب ترقی کے عمل میں مزید تیزی آئیگی، پہلے چوری والے علاقوں کو زیادہ بجلی دی جاتی تھی ، اب بل دینے والی صنعتوں کو زیادہ بجلی مل رہی ہے، وزیر اعظم نے نندی پور اور بعض دیگر منصوبوں کیلئے خود غیر ملکی کمپنیوں آڈیٹر کروانے کا حکم دیا، موجودہ حکومت خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے ، آڈیٹرجنرل کی رپورٹ میں کرپشن سابق حکومتوں کے حوالے سامنے آئی ہے، مارچ 2018 تک نئے پاور پلانٹس کی تکمیل سے 8 سے 10 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں آجائیگی ، ٹرانسمیشن لائنوں کے 2بڑے منصوبوں پر بھی کام جلد شروع کر دیا جائیگا، وزیرمملکت کا فیصل آباد چیمبر میں تاجروں اور صنعتکاروں کے اجلاس سے خطاب

اتوار 20 دسمبر 2015 10:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2015ء)وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابدشیر علی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کام کر رہی ہے ۔ دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اب ترقی کے عمل میں مزید تیزی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چوری والے علاقوں کو زیادہ بجلی دی جاتی تھی جبکہ اب بل دینے والی صنعتوں کو زیادہ بجلی مل رہی ہے۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف نے نندی پور اور بعض دیگر منصوبوں کیلئے خود غیر ملکی کمپنیوں آڈیٹر کروانے کا حکم دیا، موجودہ حکومت خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے اور ان کے دور میں جتنے بھی منصوبے شروع ہوئے ان کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مکمل کرنے کی کوشش کی گئی اب تک کسی بھی میں منصوبے میں کرپشن کاکوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

آڈیٹرجنرل کی رپورٹ میں کرپشن سابق حکومتوں کے حوالے سامنے آئی ہے، مارچ 2018 تک نئے پاور پلانٹس کی تکمیل سے 8 سے 10 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں آجائیگی جبکہ ٹرانسمیشن لائنوں کے 2بڑے منصوبوں پر بھی کام جلد شروع کر دیا جائیگا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات پانی و بجلی کے وفاقی وزیر عابد شیر علی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور بہتر مینجمنٹ کے ذریعے انڈسٹری کیلئے لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے جبکہ انڈسٹری کے مکس فیڈروں پر بھی صرف 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو ترجیجی بنیادوں پر بجلی مہیا کی جا رہی ہے کیونکہ حکومت سمجھتی ہے کہ صنعتی ترقی سے ہی ترقی اور خوشحالی کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے چارج لیا تو ساڑھے اٹھارہ ہزار کی پیداواری گنجائش کے برعکس بجلی کی پیداوار صرف تیرہ ہزار پانچ سو یا چودہ ہزار میگاواٹ تھی جسے جولائی اگست تک سولہ ہزار نو سو تک لے جائیں گے۔

اس سلسلہ میں کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ وزیر اعظم خود ہفتہ میں 2 اجلاسوں کے دوران توانائی کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس طرح انہوں نے ایمانداری سے نئے منصوبوں کی تکمیل سے صرف 3 منصوبوں سے110 ارب روپے کی بچت کی ہے انہوں نے کہا کہ آڈیٹرجنرل کی طرف سے نندی پور اور بعض دیگر منصوبوں پر لگائے جانے والے اعتراضات کے حوالے سے بتایا کہ ان تمام منصوبوں کا تعلق سابق حکومتوں سے تھا جن کے دوران دانستہ تاجر سے مختلف منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بعد سستی بجلی ان کی ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس لگانے کے بعد پن بجلی گھر بھی لگائے جا رہے ہیں تاہم پن بجلی گھر وں کی تعمیر پر نسبتاً زیادہ اخراجات آتے ہیں جن کی تکمیل کیلئے بھی زیادہ وقت درکار ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ 2018 تک 8 سے 10 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں لے آئیں گے جبکہ مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کے ٹینڈ ہو چکے ہیں اور اگلے مہینے وزیر اعظم نواز شریف اس پر کام کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پورٹ قاسم سے فیصل آباد تک بھی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائیگی جبکہ ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کیلئے الگ پائپ لائن بھی بچھائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ حکومت کے ان اقدامات سے جہاں بجلی کی ضروریات پوری ہونگی وہاں سستی بجلی بھی دی جاسکے گی۔ فیصل آباد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تاجر ہی ان کی پہچان ہیں اور حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے لیکن 18 ویں ترمیم کی وجہ سے بعض مسائل ہیں جن کی پابندی ان کیلئے لازم ہے ۔

انہوں نے گیس کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس مسٴلے کو آئندہ چند روز تک تاجروں کی منشاء کے مطابق حل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے پالیسی سازی میں بھی تاجروں کو اعتماد میں لینے کا یقین دلایا اور کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ ویلیو ایڈیشن کے بغیرترقی کے مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے اور اس سلسلہ میں ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر پر خصوصی توجہ دی جائیگی ۔ انہوں نے حکومت سے تعاون کرنے پر تاجروں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کے دروازے اس شہر کے تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔

متعلقہ عنوان :