آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،آرمی چیف ،قیام امن کیلئے دہشت گردوں کا نیٹ ورک ہر قیمت پر توڑیں گے ، افسروں اورجوانوں کا عزم اور حوصلہ قابل قدر ہے،جنرل راحیل شریف کا شمالی وزیرستان کا دورہ، آپریشن ضرب عضب اور شمالی وزیرستان متاثرین کی بحالی کے کا موں پر بریفنگ دی گئی،قبائلی رہنماؤں اور بے گھر افراد سے بھی ملاقات

اتوار 20 دسمبر 2015 10:43

راولپنڈی، میران شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ افسروں اورجوانوں کا عزم اور حوصلہ قابل قدر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہفتہ کے روز شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ جہاں پر آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بحالی کے کا موں پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے عزم اور حوصلے کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کوبھی سراہا اور قربانیاں دینے والے افسروں اور جوانوں کو خراج حسین پیش کیا اور کہا کہ قیام امن کیلئے دہشت گردوں کا نیٹ ورک ہر قیمت پر توڑیں گے انہوں نے قبائلی رہنماؤں اور بے گھر افراد سے بھی ملاقات کی۔