اسلامی فوجی اتحاد:سعودی حکام کا تمام ممالک کی اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ،آصف زرداری سعودی حکام کی خصوصی دعوت پر جدہ پہنچ گئے،اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے،آصف زرداری ،سینیٹر رحمن ملک اور فیملی ممبران کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کریں گے

جمعہ 18 دسمبر 2015 09:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2015ء) سعودی قیادت میں دہشتگردی کیخلاف بننے والے 34 اسلامی ممالک کی حمایت کیلئے سعودی حکام نے تمام ممالک کے حکمرانوں کے ساتھ ساتھ اور ان ممالک کی اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی طرف سے اس سلسلے میں سابق صدر آصف علی زرداری کو خصوصی دعوت پر جدہ بلایا گیا ہے اور جمعرات کو سابق صدر آصف علی زرداری اور سینیٹر رحمن ملک اور فیملی کے دیگر ممبران کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں پر وہ سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کرینگے اور بعد ازاں عمرہ کا مقدس فریضہ بھی ادا کرینگے ۔

ذرائع کے مطابق سعودی حکومت 34 ممالک کے تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور سیاستدانوں کو اس اتحاد کیلئے اعتماد میں لینے کیلئے کوشاں ہے تاکہ دہشتگردی کی وجہ سے جو اسلامی ممالک کو خطرات درپیش ہیں ان سے نمٹا جاسکے اور دہشتگردی کیخلاف اس عظیم مسلم ممالک کے اتحاد کو موثر کیا جاسکے واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے بھی اس عظیم مسلم اتحاد کی حمایت کا اعلان کردیا ہے اور وزارت خارجہ کی طرف سے سعودی عرب کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروادی گئی ہے