حکومت ملک سے لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمہ کیلئے کوشاں، 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کامکمل طورپرخاتمہ کردینگے، خواجہ آصف ،ڈ یرہ اسماعیل خان میں محکمہ واپڈاسمیت تمام ضلعی افسران ن لیگ کے عہدیداران اورکارکنان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں، وفاقی وزیر کی گفتگو

جمعرات 17 دسمبر 2015 09:56

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2015ء)وفاقی وزیر دفاع اور پانی وبجلی خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت ملک سے لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمہ کیلئے کوشاں ہیں‘انشاء اللہ2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کامکمل طورپرخاتمہ کردینگے‘ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ واپڈاسمیت تمام ضلعی افسران پاکستان مسلم لیگ(ن)کے عہدیداران اورکارکنان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری ریاض ایڈووکیٹ سے اسلام آبادمیں ملاقات کے موقع پرکیا۔اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری ریاض ایڈووکیٹ نے ن لیگ ڈیرہ کی طرف سے وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ محمدآصف کواپنے تمام مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جس پروفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ محمدآصف نے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت چاروں صوبوں کویکساں طورپرایک ہی نظرسے دیکھتی ہے اوراسی بنیادپرچاروں صوبوں میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔

ملک میں بڑے بڑے میگاپراجیکٹس کے افتتاح کئے جارہے ہیں۔جن کے ثمرات آئندہ دوسے تین سالوں میں پاکستانی عوام خوداپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ محمدآصف نے ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی انتظامیہ کوہدایت کی کہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے عہدیداران اورکارکنان کے تمام کام فوری طورپرسرانجام دیں اورکسی قسم کے روڑے اٹکانے سے بازرہیں۔مسلم لیگ ن پاکستانی عوام کی ترقی کیلئے شب وروزکوششوں میں مصروف عمل ہے۔