اسلام آباد، نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، سابق ممبر ایڈمن ایف بی آر شاہد حسن جتوئی اور سندھ کے سابق وزیر پاپولیشن علی مراد شاہ کیخلاف انکوائری، ٹھٹھہ سے سابق رکن سندھ اسمبلی غلام قادر پلیجو کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال، سابق چیئرمین سٹیل ملز معین شیخ آفتاب کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر، سابق صدر نیشنل بینک اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری،نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے آگاہی، قانون پر عملدرآمد اور تدارک کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ، بدعنوان عناصر اور مفرور ملزموں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،چیئرمین قمر زمان چوہدری کا خطاب

جمعرات 17 دسمبر 2015 09:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا جس میں سندھ کے سابق وزیر برائے پاپولیشن سیّد علی مراد شاہ کے خلاف انکوائری، ٹھٹھہ سے سابق رکن سندھ اسمبلی غلام قادر پلیجو کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال، سابق چیئرمین پاکستان سٹیل ملز معین شیخ آفتاب کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے اور سابق ممبر ایڈمن فیڈرل بورڈ آف ریونیو شاہد حسن جتوئی کے خلاف انکوائری، سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق چیئرمین پاکستان سٹیل ملز معین شیخ آفتاب کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اس مقدمہ میں ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے قومی خزانہ کو 378.196 ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ اجلاس میں سابق وزیر برائے پاپولیشن سندھ سیّد علی مردان شاہ کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔

ملزم پر اختیارات سے تجاوز، سرکاری فنڈ میں لاکھوں روپے کی خوردبرد، سرکاری اراضی پر دکانوں کی تعمیر اور تجاوزات اور ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ممبر ایڈمن فیڈرل بورڈ آف ریونیو شاہد حسین جتوئی اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا۔ ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے بدعنوانی، غیر قانونی ترقیوں، تعیناتیوں اور ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی ایجوکیشن لاہور اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی۔ ملزمان پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں غیر قانونی تعیناتیوں کا الزام ہے۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے افسران، میسرز پارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ سی ڈی اے حکام پر محکمہ جنگلات پنجاب کی زمین غیر قانونی طریقہ سے پارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کو منتقل کرنے کا الزام ہے۔

اجلاس میں سابق جنرل منیجر کراچی پورٹ ٹرسٹ رؤف اختر فاروقی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر غیر قانونی تعیناتیوں اور قواعد و ضوابط کے برعکس بھرتیوں کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فاصلاتی تعلیم ڈاکٹر اسحاقی فانی اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا۔ ملزمان پر عملہ کی غیر قانونی تعیناتی، کتابوں کی خرید و فروخت میں خوردبرد اور ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

اجلاس میں عثمان ملک اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ سے 19.72 ملین روپے اپنے اکاؤنٹس میں مشکوک طریقہ سے منتقل کرنے کا الزام ہے۔ اجلاس میں سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان علی رضا، سابق گروپ چیف/سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا ابرار مغل اور دیگر کے خلاف انوسیٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔

ان ملزمان پر اختیارات سے تجاوز، نیشنل بینک کیلئے سامان کی مہنگے داموں خریداری ا ور سرکاری فنڈز میں خوردبرد کا الزام ہے۔ ملزموں نے قومی خزانہ کو 19.3 ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا۔ اجلاس میں سندھ یونیورسٹی جامشورو کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر مغل اور سابق رجسٹرار محمد نواز ناریجو کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور یونیورسٹی کے فنڈز میں خوردبرد کا الزام ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر/منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے فاؤنڈیشن رسول بخش پھلپوٹو، سابق ڈائریکٹر جنرل (سی پی ایم) پی ایچ اے فاؤنڈیشن اے ایس طارق سیال، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (سی پی ایم) پی ایچ اے فاؤنڈیشن حماد حسین، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے فاؤنڈیشن رانا عمر فاروق اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر میسرز ارمان آمنہ ملک کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پر شہید ملت سیکرٹریٹ اسلام آباد کی تزئین و آرائش میں بدعنوانی کا الزام ہے۔ اجلاس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے افسران اور دیگر کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر سول ورک، غیر قانونی تعیناتیوں اور تعمیراتی سامان کی بغیر نیلامی فروخت کے ذریعے لاکھوں روپے خوردبرد کرنے کا الزام ہے۔ اجلاس میں سابق رکن صوبائی اسمبلی ٹھٹھہ غلام قادر پلیجو کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔

ملزم پر ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سیکرٹری محکمہ لیبر بلوچستان نصیر احمد بلوچ، ایس او بجٹ رسول بخش، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیوٹا زرغون موٹرز کی 20 لاکھ 24 ہزار روپے رضا کارانہ واپسی کی درخواست کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں عدم ثبوت کی بناء پر وزارت خوراک و زراعت و لائیو سٹاک کے افسران و دیگر کے خلاف انکوائری جبکہ سابق وزیر برائے ترقی خواتین بلوچستان غزالہ گولا کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے آگاہی، قانون پر عملدرآمد اور تدارک کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر اور مفرور ملزموں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے نیب حکام کو ہدایت کی کہ وہ میرٹ اور قانون پر عمل کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انویسٹی گیشن کا عمل مکمل کریں۔