اوکاڑہ ، ووٹ نہ دینے پر ن لیگ کے حامیوں نے محنت کش کی بیوی کی مقامی قبرستان میں تدفین روک دی

بدھ 16 دسمبر 2015 10:20

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2015ء ) ووٹ نہ دینے پر ن لیگ کے حامیوں نے محنت کش کی بیوی کی مقامی قبرستان میں تدفین روک دی۔یونین کونسل کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ مرنے والی عورت کے خاندان نے مجھے ووٹ دئیے تھے،ن لیگ کے ایم پی اے کے گروپ سے تعلق رکھنے والے مخالفین نے متوفیہ عورت کے لئے کھودی جانے ولی قبر میں مٹی ڈال دی ،تفصیلات کے مطابق نواحی قصبہ نئی آبادی ابل داخلی ڈولہ ڈھبئی میں ایک عورت ممتاز بی بی زوجہ عبد الغفور انتقال کر گئی۔

اس قصبہ کی یونین کونسل دیوان سنگھ کے چیئرمین رائے مشتاق نے بتایا کہ قصبہ کے قبرستان میں متوفیہ عورت کی تدفین کے لئے قبر کھودی گئی،تاہم چیئرمین رائے مشتاق کے مطابق محمد جعفر،محمد اسلم اور منظور احمد وغیرہ نے کھودی ہوئی قبر میں مٹی ڈال کر سے بند کر دی اور کہا کہ مرنے والی عورت کے خاندان نے بلدیاتی الیکشن میں ہمارے امیدواروں کو ووٹ نہیں دئیے لہٰذا اسے دفن نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کے بقول اس اقدام کے بعد صورتحال سنگین ہو گئی۔قریب تھا کہ لوگوں کے مابین جھگڑا شروع ہو جاتا۔اس بات کی اطلاع قائم مقام ریجنل پولیس آفیسرساہیوال محمد فیصل رانا کو ملی۔جنہوں نے ایس ایچ او تھانہ حجرہ کو حکم دیا کہ مرنے والی عورت کو قبرستان میں دفن کروایا جائے۔اور جن افراد نے قبر میں مٹی ڈال کر تدفین روکی ہے انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ڈی پی او کے حکم پر پولیس کی نگرانی میں متوفیہ عورت کی تدفین اسی قبرستان میں کروائی گئی جہاں پر ووٹ نہ دینے کی وجہ سے مبینہ طور پر تدفین کو روکا گیا تھا۔چیئرمین رائے مشتاق کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرنے والے عورت کے خاندان نے بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ کے مقامی ایم پی اے کے امیدوار کے مقابلے میں مجھے ووٹ دئیے۔جس کی پاداش میں متوفیہ عورت کو دفن ہونے سے روک دیا گیا۔ایس ایچ او تھانہ حجرہ انسپکٹر نوشیر کاٹھیہ کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔جو کوئی بھی تدفین روکنے کے عمل کا ذمہ دار ثابت ہوا سکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہو گی

متعلقہ عنوان :