وزیراعظم کی ضرورت دیکھتے ہوئے اسلحہ لائسنس جاری کیاگیا،مصدق ملک، نواز شریف باپ، دادا اور انسان بھی ہیں انہیں مخصوص حالات میں اسلحہ لائسنس جاری کیا گیا،نجی ٹی وی پر گفتگو

بدھ 16 دسمبر 2015 10:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں نواز شریف کے معاون خصوصی مصدق ملک نے کہا ہے کہ ناگزیر حالات میں وزیراعظم میاں نواز شریف کو ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس جاری کیا گیا ہے۔ کیونکہ وزیراعظم میاں نواز شریف ایک باپ بھی ہیں ایک دادا بھی ہیں اور ایک انسان بھی ہیں اس لئے ان کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے وزارت داخلہ نے انہیں اسلحہ لائسنس جاری کیا ہے۔

گزشتہ روز ٹی وی پر اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کیلئے سب ہی اہم ہیں لیکن انہیں مخصوص حالات میں اسلحہ لائسنس جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے بتایا تھا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی اسلحہ لائسنس کے اجراء پرپابندی لگا دی تھی اور ہزاروں اسلحہ لائسنسز کی تصدیق کے احکامات جاری کئے گئے تھے وزیر داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ پابندی کے باوجود وزیراعظم میاں نواز شریف ‘ صدر پاکستان ممنون حسین کے بیٹے سلمان حسین اور دو جج صاحبان جسٹس سرمد جلال عثمانی اور محمد ثاقب جیلانی کو خصوصی لائسنس جاری کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو رواں برس جون میں ممنوعہ بور کا لائسنس جاری کیا گیا تھا۔ جبکہ صدر مملکت ممنون حسین کے بیٹے نے تین لائسنس حاصل کئے ہیں۔ ایوان میں وزیر داخلہ نے اس حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا کہ لائسنس کس بنیاد پر جاری کئے گئے جبکہ میڈیا پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ میرے پاس اس حوالے سے مکمل تفصیلات نہیں ہیں۔