عمران خان کا لودھراں کے ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ، (ن) لیگ کاکام کرپشن کرنا اور ووٹ خریدنا ہے ، الیکشن کمیشن نواز شریف کو نوٹس بھیجے ،میڈیاسے گفتگو،آئندہ الیکشن میں کسی صورت دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، عمران خان ،پاکستان کا انتخابی نظام پاک و شفاف بنا کر دم لیں گے، آرمی پبلک سکول کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،ان کی یاد میں 16دسمبر کو عظیم الشان تقریب منعقد کی جائے گی،پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے ،شانگلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب

منگل 15 دسمبر 2015 09:52

لودھراں(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لودھراں کے ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ کاکام کرپشن کرنا اور ووٹ خریدنا ہے الیکشن کمیشن نواز شریف کو نوٹس بھیجے ۔ لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بھارتی ہائی کمشنر کی دعوت پر بھارت گیا تھا بھارتی حکومت سے مختلف امور پر بات ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے غربت کو ختم کرنا ہوگا چین نے تجارت کے ذریعے ملک سے غربت کو ختم کی چین کی مثال ہمارے سامنے ہے ہم بھ ی غربت کو ختم کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پولیس کے ذریعے الیکشن جیتا اور پنجاب پولیس کو متنازعہ بنا دیا ہے لوگوں کا پنجاب پولیس پر اعتماد نہیں لودھراں کے ضمنی انتخابات میں فوج کو بلایا جائے ہم دھاندلی کے باوجود لودھراں کے انتخابات جیتیں گے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کا کام ملک میں کرپشن کرنا اور ووٹ خریدنا ہے نواز شریف انتخابات کے موقع پر اعلانات کررہے ہیں الیکشن کمیشن نواز شریف کو نوٹس بھیجے ۔

(جاری ہے)

ادھرپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستا ن میں ایک ایسا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جس کے تحت تمام پاکستانیوں کو غریب و امیر کی امتیاز کے بغیر زندگی کی تمام سہولیات حاصل ہو اور وہ عزت نفس اور مکمل اطمینان کے ساتھ زندگی گزار سکیں ۔وہ پیر کے روز پورن ضلع شانگلہ میں ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اب تک یہ نظام رہا ہے کہ امیر امیر تر جبکہ غریب غریب تر ہو رہاہے جبکہ ہماری پالیسی یہ ہے کہ امراء ٹیکس دیں اور ملک کی دولت غریبوں کی حالت بہتر بنانے پر خرچ ہو،سکولوں میں ایسا نظام رائج ہو جس میں امیر اور غریب کے بچے ایک ہی نصاب پڑھیں اور غریب کا بچہ بھی وزیر اعظم سمیت ہر عہدہ پر پہنچنے کا اہل ہو ،اسی طرح پی ٹی آئی کا منصوبہ یہ ہے کہ ایک موثر بلدیاتی نظام کے تحت گاؤں اور محلے کی سطح پر لوگوں کے منتخب نمائندے ان کے مسائل مقامی طور پر حل کریں اور اس مقصد کے لیے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے اس سال 43ارب روپے مختص کیے ہیں جو براہ راست دیہات میں جائیں گے اور لوگوں کو تعلیم صحت سمیت تمام بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے پر خرچ ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ اگر چہ انکی حکومت پنجاب اور سندھ میں نہیں لیکن وہ ان صوبوں میں بھی خیبر پختونخوا کی طرح بلدیاتی نمائندوں کو با اختیار بنانے کی وکالت کریں گے ۔عمران خان نے کہا کہ کراچی میں اگرچہ ہمار ا سیاسی مخالف مئیر بنا ہے لیکن ہم اس کو بھی با اختیار بنانے کے لیے ان کے ساتھ مکمل تعاؤن کریں گے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی منشور کے تحت ملک کی خارجہ ، معاشی ،تعلیمی اور دیگر تمام پالیسیاں غربت کے خاتمے پر مرکوز ہونگی تاکہ ملک سے غربت کا خاتمہ ہو اور ملک کا ہر شہری باوقار طریقے سے ملک کی ترقی میں حصہ لے سکے۔

انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کوئی بھی شہری اثاثوں کے اعلان کیے بغیر بلدیاتی الیکشن بھی نہیں لڑ سکتا اور یہی مطالبہ ہم ہمیشہ سے روایتی پاکستانی سیاست دانوں سے بھی کر رہے ہیں کیونکہ اثاثے معلوم ہونے کے بعد ٹیکس چوری ناممکن ہو جاتی ہے اور ملک کا معاشی نظام ترقی کرتا ہے ،انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے قیام کے بعد ملک کے تمام محکموں میں معیاری تعمیرات یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گی تاکہ موجودہ نظام کی طرح سڑکیں تعمیر کے سال دو سال بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ ہم پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ساتھ اجلاس کریں گے اور انھیں گزارش کریں گے کہ ہسپتالوں ،کالجز،یونیورسٹیز ،انڈسٹریل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں میں اصلاحا ت میں رکاوٹ بننے والوں کو سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے کا موقع نہ دیں اور کرپٹ لوگوں کا احتساب کرنے میں ہماری مدد کرے۔عمران خان نے اعلان کیا کہ آئندہ الیکشن میں کسی صورت دھاندلی نہیں ہونے دیں گے اور پاکستان کا انتخابی نظام پاک و شفاف بنا کر دم لیں گے ۔انھوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،ان کی یاد میں 16دسمبر کو ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی جائے گی ،انھوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے ۔