کراچی ،چائنیز اکیڈمی آف سائنسز نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عطا الرحمن کو غیر ملکی رکن کی حیثیت سے منتخب کرلیا ،پروفیسر عطا الرحمن مسلم دنیا کے واحد سائنسدان ہیں جنہیں چینی حکومت کا یہ اعزاز ملا ہے

پیر 14 دسمبر 2015 10:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2015ء) چین کے بڑے قومی سائنسی ادارے چائنیز اکیڈمی آف سائنسز(سی اے ایس) نے سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن کو چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے غیر ملکی رکن کی حیثیت سے منتخب کرلیا ہے، پروفیسر عطا الرحمن مسلم دنیا کے واحد سائنسدان ہیں جس کو چین کی حکومت کی جانب سے یہ اعزاز ملا ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ایک آفیشل کے مطابق چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے سربراہ پروفیسر بی اے آئی چنلی نے ایک سرکاری ارسال میں پروفیسر عطا الرحمن کو مبارکباد دی ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے آفیشل کے مطابق پروفیسر عطا الرحمن اگلے سال جون کے مہینے میں سی اے ایس کے آٹھارویں اجلاس میں شرکت کے لئے چین جائینگے، جہاں ان کوغیر ملکی ممبر کی رکنیتی سند دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سی اے ایس میں 777 ارکین اور 82 غیر ملکی اراکین شامل ہیں، یہ ادارہ چین کی حکومت کے لئے سائنس اور ٹینکالوجی کے موضوعات پر تھنک ٹینک کی حیثیت میں کام کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اعلی تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر عطا الرحمن نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں انکی 1002 سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، نامیاتی و غیر نامیاتی کیمیاء، این ایم آر اسپیکٹرواسکوپی اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوعات پر امریکہ، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 173کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں724 تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں، 68 اسباق دیگر کتب میں شامل ہیں جبکہ 37 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں۔

مزیدبرآں پروفیسر عطا الرحمن کیمیاء سے متعلق متعدد یورپی جرائد کے مدیر اعلیٰ ہیں جبکہ ملک میں سب سے زیادہ 82طالبعلم انکی زیر نگرانی پی ایچ ڈی مکمل کرچکے ہیں، اسکے علاوہ پروفیسر عطا الرحمن متعدد ملکی و غیر ملکی اداروں کے سربراہ ہیں جس میں پاکستان آکیڈمی آف سائنسز اور کامسٹیک بھی شامل ہیں۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف بریڈفورڈ سمیت متعدد جامعات نے انھیں اعزازی ڈاکٹریٹ کی سند عطا کی ہے جبکہ فیلو آف رائل سوسائٹی لندن کے لئے یہ پہلے ہی منتخب ہو چکے ہیں،حکومتِ پاکستان کی جانب سے انھیں تمغہٴ امتیاز، ستارہٴ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، اس کے علاوہ ملائشیاء کے بادشاہ انھیں اعزازی ڈاکٹریٹ کی سند عطا کرچکے ہیں جبکہ آسٹریا اور چین کی حکومتیں انھیں سرکاری سطح پر بھی انعام و اکرام سے نواز چکی ہیں۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے پروفیسر عطا الرحمن کو انکی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملک و قوم کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔