وزیراعلیٰ پنجاب اور کور کمانڈر لاہور کے درمیان نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشتگردی کے اقدامات پر بات چیت ، دہشتگردی، فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ ،شہباز شریف کی لیفٹیننٹ جنرل صادق علی سے ملاقات میں گفتگو ، آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی عظیم قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت

اتوار 13 دسمبر 2015 13:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی جس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی اور دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور کور کمانڈر لاہور نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ 18 کروڑ عوام بچوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور شہید بچوں کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کا خون ہم سب پر قرض ہے اور یہ قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں اور اساتذہ کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’’ہفتہ شہدا‘‘ منا رہی ہے اور پوری قوم 16 دسمبر کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں و جوانوں اور پولیس حکام و اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے ملک میں امن کے قیام کیلئے بہادری اور جرأت کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں اور پوری قوم کو شہداء کی لازوال قربانیو ں پر فخر ہے۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آگے بڑھ رہی ہے۔