بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے مایوس نہیں، نواز شریف کسی بھی وقت سیاسی خود کشی کرسکتے ہیں، عمران خان

بدھ 9 دسمبر 2015 09:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے مایوس نہیں نواز شریف کسی بھی وقت سیاسی خود کشی کرسکتے ہیں امید ہے ملک میں انقلاب آئے گا۔ منگل کے روز اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ سیاست میں ان کے 19 سال کی جدوجہد ہے نواز شریف کسی بھی وقت سیاسی خودکشی کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس بہت بڑا واقعہ تھا جسے کبھی نہیں بھول سکتا ۔

16 دسمبر کو کے پی کے میں عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے مایوس نہیں ہیں ہار سے سبق سیکھنا چاہیے وہ عوام میں جانے سے نہیں گھبراتے بلدیاتی اتتخابات سے تحریک انصاف نچلی سطح تک پہنچ ہے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اور بھٹو کے بعد نوجوانوں نے تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے ہم آئندہ انتخابات میں امیدواروں کے انٹرویو کریں گے اور اپنی غلطیوں کا از سر نو جائزہ لے کر پارٹی میں انتخابات کرائیں گے اور ووٹ کے ذریعے پارٹی قیادت کا انتخاب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت باقی صوبوں سے بہتر ہے ہم عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ اشتہارات پر خرچ نہیں کرنا چاہتے اس پیسے پر عوام کا حق ہے اور یہ عوامی فلاح پر ہی خرچ ہوگا انہوں نے کہا کہ اگلے عام انتخابات ماضی کی طرح نہیں ہونے چاہئیں الیکشن کمیشن شفاف نہ ہوا تو پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔