شہبازشریف کی انقرہ میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات‘ الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد،ترکی کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے‘ ہر شعبہ میں تعاون پر آمادہ ہیں۔رجب طیب اردوان،آپ کے مسائل ہمارے اور آپ کی خوشیاں ہماری خوشیاں ہیں‘ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں شہبازشریف جیسا لیڈر ملا،ترک صدر

منگل 8 دسمبر 2015 09:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں قومی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ملاقات کے دوران ترک صدر کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں حکمران جماعت کی کامیابی ترکی کے عوام کی طرف سے آپ کی قیادت اور حکومت کی کارکردگی پر غیرمشروط اعتماد کا اظہار ہے۔

اس کامیابی میں ترکی کے عوام کی حمایت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام کی دعائیں بھی شامل ہیں۔ میںآ پ کے لئے پاکستان کے عوام کی طرف سے مبارکباد اور تہنیت کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران ترکی نے جو قابل قدر ترقی کی ہے وہ دوسرے ملکوں کے لئے لائق تقلید ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اہل پاکستان کے دل ترکی میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر غم زدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی شعبوں میں ترکی کے تعاون سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور پنجاب میں میٹروبس اور صفائی کے انتظام کے منصوبوں پاک ترک تعاون کی زندہ علامت سمجھا جاتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ترکی دوسرے شعبوں خصوصاً انرجی میں بھی پاکستان کے ساتھ اسی طرح تعاون کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی نے ہر آڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پنجاب کے عوام 2010ء کے سیلاب کے دوران ترک قیادت‘ تاجروں اور عوام کے جذبہ ایثار کو نہیں بھول سکتے۔

پنجاب میں منعقد ہونے والی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں 39 ترک کمپنیوں کی شرکت ایک نہایت خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں 20 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرومرمت کے عظیم منصوبے میں ترک کمپنیوں کو خوش دلی کے ساتھ خوش آمدید کہیں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ ترکی پاکستان کو اپنا بہترین دوست سمجھتاہے اور ترکی کی حکومت اور ترک عوام وزیراعلیٰ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کوپھلتے پھولتے اور آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

ترکی کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتاہے۔ آپ کے مسائل ہمارے مسائل اور آپ کی خوشیاں ہماری خوشیاں ہیں۔ ہمارے وسائل پر آپ کا پورا حق ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ کسی بھی شعبے میں تعاون پر ہمہ وقت آمادہ ہیں۔صدر ترکی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں شہبازشریف جیسا محنتی اور دیانتدارلیڈر ملا۔