پاک بھارت مذاکرات میں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ہوگی،سرتاج عزیز ،ملاقات میں مثبت نتائج کی توقع ہے تاہم نتائج پر بات کرنا قبل از وقت ہے،کرکٹ ڈپلومیسی پر بات کرنا پی سی بی کا کام ہے بھارتی وزیرخارجہ کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی،میڈیا سے گفتگو

منگل 8 دسمبر 2015 09:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2015ء)قومی سلامتی اور امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات میں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ہوگی،ملاقات میں مثبت نتائج کی توقع ہے تاہم نتائج پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پرفٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں جس کے بعد پاک بھارت وزرائے خارجہ کی سطح پر ملاقات کل بدھ کو ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کے بعد کہا جاسکے گا کہ جامع مذاکرات کا عمل شروع ہوگا یا نہیں تاہم اس وقت ملاقات کے نتائج پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارا مؤقف تسلیم کیا ہے تو وہ اسلام آباد آرہے ہیں اور ہمارا مؤقف ہے کہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ہو۔ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات خراب ہوں تو ان کو بات چیت کے ذریعے ہی بہتر بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ڈپلومیسی پر بات کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے سیاسی قیادت سے بھارتی وزیرخارجہ کی ملاقاتیں ہوں گی