پاک فضائیہ کا سومیانی رینج پر فائر پاور کا مظاہرہ، نواز شریف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ، ہمارے ہوابازوں کی بے مثال ہمت اور دلیری پر پوری قوم کو فخر ہے، وزیراعظم ، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی ، ہم دشمن کے تمام ارادوں کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں،ہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا خطاب

منگل 8 دسمبر 2015 09:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2015ء)پاک فضائیہ کے تمام نمایاں لڑاکا طیاروں نے سومیانی رینج میں منعقدہ فائر پاور کے مظاہرے میں اپنی تیز رفتاری ، کنٹرول اور طاقت کا بہترین مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، اراکین اسمبلی اور دفاعی افواج کے اعلٰی افسران نے اس مظاہرے کو دیکھا۔

فلائنگ آفیسر مریم مختیار شہید کے والدین کو بھی خصوصی طور پر اس موقع پر بلایا گیاتھا۔ ائیر وائس مارشل مجاہد انور خان ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز) نے مہمانوں کو حال ہی میں ختم ہونے والی پاک فضائیہ کے انٹر سکواڈرن آرمامنٹ مقابلہ- 2015 ء اورفائر پاور مظاہرہ کی اہمیت پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ” دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی ۔

ہم دشمن کے ان تمام ارادوں کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں جو ہماری پر امن طرزِ زندگی کو تباہ کرنے کی کوشش کرے۔ ہماری کامیابی کا یہ ثبوت ہے کہ اب انتہا پسند عناصر اپنی مرضی ہم پر مسلط کرنے کے قابل نہیں رہے اور ہم نے انکے حجم کو کم کر دینے کے ساتھ انکو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ ان کے ہر غلط اقدام پر پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی طرف سے انکومنہ توڑ جواب ملے گا۔

ان خطرات اور اشتعال انگیزی کی موجودگی میں پاک فضائیہ پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ پاک فضائیہ مکمل آہنگی سے دیگر افواج کے ساتھ آپریشن ضربِ عضب میں موٴثر کردار ادا کر رہی ہے۔ “اس موقع پر خطاب کے دوران وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ” پاک فضائیہ کی تاریخ مادرِ وطن کے دفاع میں بہادری اور زندگی قربان کرنے والوں کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔

ہمارے ہوابازوں کی بے مثال ہمت اور دلیری پر پوری قوم کو فخر ہے۔ “ انہوں نے مزید کہا کہ ” آج ملک کو غیر روائتی خطرات اور مشکلات کا سامنا ہے ۔ان خطرات کو اس تناظر میں دیکھا جائے کہ یہ خطرات نہ صرف علاقائی بلکہ پوری اقوامِ عالم کو درپیش ہیں تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے ۔ پاک فضائیہ کے جوان اور خواتین دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ضربِ عضب میں بہترین کردار اداکر رہے ہیں۔

مجھے اس بات پر فخر ہے کہ پاک فضائیہ ، پاک آرمی کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشنز میں دہشت گردوں کے مراکزکو تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔اقوامِ عالم نے امن کے قیام کے لئے ہماری کاوشوں کوتسلیم کیا ہے اور ہماری داخلی اور خارجی پالیسی کو سراہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف موٴثر کاروائی سے اقوامِ عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

“فائر پاور مظاہرے کے آغاز میں دو میراج طیاروں نے سُپر سونک رفتار سے نیچی پرواز کی ۔ اس کے بعد پاک فضائیہ کے تمام نمایاں طیارے جن میں JF-17 تھنڈر ، F-16 Balock 52 ، F-16 ،Mirage ،F-7P نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا ۔ اس کے فوراً بعد پاک فضائیہ کے"Eye in the Sky" SAAB-2000 اور Karakoram Eagle طیاروں نے وینیو کے اوپر فلائی پاسٹ کیا اور فلیرز چھوڑے۔ فلائی پاسٹ کے بعد چار F-7P طیارے افق پر نمودار ہوئے اور اپنے اپنے ہدف پر بمباری کی۔

بعد ازاں چار JF-17 تھنڈر طیارے رینج کے اُوپر نمودار ہوئے اور انہوں نے مکمل مہارت اور کامیابی سے اپنے اپنے ہدف پر بمباری کی۔ چار میراج طیارے کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے آئے اور اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ان کے بعد چار JF-17 تھنڈر طیارے آئے اور انہوں نے بھی کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا۔ آخر میں چار F-16 Block 52 طیارے اپنی تیز رفتاری سے ہدف کی طرف بڑھے اور اسے نیست و نابود کر دیا۔

پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے سنسنی خیز فائر پاور مظاہرے کے بعد پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ قومی پرچم کے رنگوں میں رنگے ہوئے JF-17 تھنڈر طیارے نے دلکش اور حیرت انگیز فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا۔معزز مہمان اس طیارے کے شاندار کرتبوں کو دیکھ کر ششدر رہ گئے جسے بجا طور پر قوم کا فخرقرار دیا جاتا ہے۔JF-17 تھنڈر کے منظر سے اوجھل ہونے کے بعد پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور کی K-8 طیاروں پر مشتمل فضائی کرتب دکھانے والی "شیر دل "ٹیم افق پر نمودار ہوئی ۔ معزز مہمان اس فضائی کرتب سے بہت لطف اندوز ہوئے اور تالیاں بجا کر اور نعرے لگا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ائیر چیف نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کو JF-17 تھنڈر کی پینٹنگ پیش کی۔