”تعلیم ہر بچے کیلئے ضروری“،تحریک انصاف کا خیرپختونخوا میں قانون سازی کرنے کا فیصلہ،حکومت نجی تعلیمی اداروں کی بھی بھر پور سرپرستی کرے گی،محمد عاطف خان،اداروں کے مالکان اور والدین دونوں کے مفادات کا پوراپورا خیا ل رکھے گی،صوبائی وزیر

پیر 7 دسمبر 2015 09:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ آن لائن۔7دسمبر۔2015ء)تحریک انصاف نے خبرپختونخوا میں ”تعلیم ہر بچے کیلئے ضروری“ سے متعلق بل کیلئے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان کی زیر صدارت تعلیم سے متعلق امور کے بارے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا،چیف سیکرٹری اور وزیر تعلیم کے علاوہ دیگر نے شرکت کی،اجلاس میں صوبے میں تعلیمی صورتحال اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ”تعلیم ہر بچے کیلئے ضروری“ کہ عنوان سے قانون سازی کی جائے گی۔

ادھرصوبائی وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کی بھی بھر پور سرپرستی کرے گی اور ان اداروں کے مالکان اور والدین دونوں کے مفادات کا پوراپورا خیا ل رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور دیگر امورکی مانیٹرنگ کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جارہی ہے جس کی ڈرافٹ تیار ہے اور اسے بہت جلد اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کردیا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ اتھارٹی ما ہرین تعلیم ،حکومت،والدین اور نجی سکولوں کے مالکان کے نمائندوں پر مشتمل ہو گی۔ پشاورکے ایک مقامی ہوٹل میں نجی تعلیمی اداروں کے طلباء کے والدین کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت نجی تعلیمی اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور بلا شبہ یہ ادارے صوبے میں معیار ی تعلیم عام کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا ماضی کی غلط تعلیمی پالیسیوں کی وجہ سے سرکاری سکولوں سے عوام کااعتماد اٹھ چکاہے اور موجودہ تعلیمی انحطاط کا ذمہ دار ہمارا تعلیمی نظام ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی فیسوں کا ذکر کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ ان اداروں کی فیسیں مقرر کرنے کا کو ئی قانون موجود نہیں تاہم ہماری کو شش ہے کہ اس کے لئے پہلے باقاعدہ قانون سازی کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح سرکاری سکولوں کوٹھیک کرنا ہے جس کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30ہزار سرکاری سکولوں کو بیک جنبش قلم ٹھیک کرنا مشکل کام ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں تاہم اس کے لئے کچھ وقت درکار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سرکاری سکولوں کا معیار اتنا بڑھائیں گے کہ نجی تعلیمی شعبے کے بچے خود بخود سرکاری سکولوں کا رخ کریں گے اور نجی تعلیمی اداروں کے مالکان والدین کو راغب کرنے کے لئے اپنی فیسیں کم کرنے سمیت مختلف پیکیج آفرکرنے پر مجبور ہوں گے۔وفد کے ارکان نے تعلیم کے شعبے کی بہتری کے حکومت خیبر پختونخوا کی کو ششوں کو سراہا اور وزیر موصوف کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :